1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

106 سالہ پرانا فروٹ کیک آج بھی بالکل تازہ اور خوشبودار

عاطف بلوچ ڈی پی اے
10 اگست 2017

نیوزی لینڈ کے سائنسدانوں کو براعظم انٹارکٹکا کے دورافتادہ علاقے کیپ اڈیر میں واقع ایک ہٹ سے ’مکمل طور پر محفوظ شدہ‘ ایک ایسا فروٹ کیک ملا ہے، جو غالبا ایک سو چھ سال پرانا ہے۔

https://p.dw.com/p/2hzBh
Antarktis Impressionen
براعظم انٹارکٹکا میں کئی تحقیقی مراکز قائم ہیںتصویر: Getty Images/AFP/V. Almeida

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے نیوزی لینڈ کے سائنسدانوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ براعظم انٹارکٹکا کے دورافتادہ علاقے کیپ اڈیر میں واقع ایک ہٹ سے ملنے والا یہ کیک بالکل محفوظ حالت میں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس علاقے کے سرد موسم کے باعث ایک صدی گزرنے کے بعد بھی یہ فروٹ کیک خراب نہیں ہوا ہے۔

کرائسٹ چرچ انٹارکٹک ہریٹیج ٹرسٹ سے وابستہ سائنسدان لیزی میک کے بقول ایک سو چھ سال پرانا فروٹ کیک اتنی اچھی حالت میں برآمد ہونا ایک حیرت انگیز امر ہے۔ انہی کی ٹیم نے اپنی ایک مہم کے دوران اس کیک کو وہاں سے نکالا ہے۔ اس ٹیم کو یقین ہے کہ کیپ اڈیر کے ایک ہٹ میں ایک شیلف پر پڑا یہ کیک سن انیس سو گیارہ میں وہاں لے جایا گیا تھا۔

توقع ظاہر کی گئی ہے کہ برطانوی ایکسپلورر رابرٹ فالکن سکاٹ اپنی ایک مہم کے دوران یہ کیک انٹارکٹکا کے اس علاقے میں لے کر گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ پیپر میں لپٹا یہ کیک اب بھی بالکل تازہ اور خوشبودار ہے۔ تاہم یہ ایک راز ہی رہے گا کہ سو سالہ پرانا کیک اگر کھایا جائے تو اس کا ذائقہ کیا ہو گا۔ لیزی میک کے بقول اس کی وجہ یہ ہے کہ تحفظ فطرت کے محافظوں کی ٹیم کی طرف سے اپنی اس طرح کی کسی دریافت کو چکھنا غیر اخلاقی ہوتا ہے۔

کرائسٹ چرچ انٹارکٹک ہریٹیج ٹرسٹ سے وابستہ سائنسدان لیزی میک نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم اس فروٹ کیک کا مکمل معائنہ کرنے کے بعد اسے وہیں پہنچا دے گی، جہاں سے یہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوشگوار دریافت ہے اور مستقبل میں اس ہٹ کا دورہ کرنے والے سیاح اس فروٹ کیک کو اسی شیلف پر دیکھ سکیں گے، جہاں سے یہ ملا ہے۔

لیزی میک کی ٹیم نے حال ہی میں اپنی چودہ ماہ پر مشتمل اپنی طویل مہم ختم کی ہے، جس دوران ان سائنسدانوں نے کیپ اڈیر میں تقریبا پندرہ سو نوادرات کو ان کی اصل حالت میں رکھنے کے حوالے سے کام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ انٹارکٹک ہریٹیج ٹرسٹ مستقبل میں بھی اس طرح کے منصوبوں کے تحت قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔