1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2018ء سرمائی اولمپک مقابلے:میونخ کے لئے جرمن وفاقی حکومت بھی ساتھ

4 نومبر 2010

جرمن حکومت نے تصدیق کی ہے کہ اگر 2018ء کے سرمائی اولمپکس میونخ میں منعقد کرائے جاتے ہیں تو انہیں کامیاب بنانے کے لئے بھرپور معاونت کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/Pxkq

ان مقابلوں کے انعقاد کے لئے جرمنی کےعلاوہ فرانس اورجنوبی کوریا بھی امیدوار ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی کابینہ نے بدھ کو یہ یقین دہانی کرائی کہ اگر 2018ء کے سرمائی اولمپک مقابلوں کے لئے میونخ کو منتخب کر لیا جاتا ہے تو حکومت نہ صرف مالی معاونت فراہم کرے گی بلکہ وہ ان کھیلوں کے منتظمین میں بھی شامل ہوگی۔

BdT München präsentiert Olympia - 2018 - Bewerbungslogo
جرمنی کےعلاوہ فرانس اورجنوبی کوریا بھی امیدوار ہیںتصویر: picture-alliance / dpa

جرمن شہرمیونخ اگر یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ ایسا پہلا شہر بن جائے گا، جہاں گرمائی اور سرمائی دونوں ہی اولمپک مقابلے منعقد کئے گئے ہوں۔ 1972ء میں میونخ میں گرمائی اولمپک مقابلوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی چھ جولائی 2011ء کو فیصلہ کرے گی کہ 2018ء کے سرمائی اولمپک مقابلے کس ملک میں منعقد کئے جائیں گے۔

بدھ کو جرمن وفاقی وزیر داخلہ تھوماس دے مائیزئیر نے کہا، ’ کابینہ کے اس فیصلے کا مطلب ہے کہ وفاقی حکومت، 2009ء میں پیش کی گئی اس پارلیمانی قرارداد پرعمل کرے گی کہ جس میں درخواست کی گئی تھی کہ میونخ میں سن 2018ء کے سرمائی اولمپک مقابلوں کے انعقاد کے لئے وفاقی حکومت تعاون کرے۔‘

ایک محتاط اندازے کے مطابق ان کھیلوں کے انعقاد پر 1.3 بلین یورو کی لاگت آئے گی۔ جرمن حکومت ان کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے لئے پانچ سو ملین یورو ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ جرمن وفاقی کابینہ کے مطابق وہ ان کھیلوں کے انعقاد کے لئے لگائی جانے والی بولی میں شراکت داری نہیں کرے گی۔

جرمن اولمپک سپورٹس ایسویسی ایشن کے صدر تھوماس باک نے جرمن حکومت کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے اس فیصلے سے ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں،’ ہمارے ملک میں تمام حکومتی حلقے اب ہماری درخواست کو کامیاب بنانے کے لئے سرگرم ہو گئے ہیں۔‘

Flash Galerie Format Katarina Witt auf dem Eis
1984ء کے سرمائی اولمپک مقابلوں میں کاتارینا وِٹ نے سکیٹنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

میونخ میں ان مقابلوں کو منعقد کروانے کے لئے درخواست جمع کروانے والی کمیٹی کی سربراہ کاتارینا وِٹ نے بھی حکومتی تعاون پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مقابلوں کے انعقاد سے جرمن صوبے باویریا کو ہر طرح سے فائدہ پہنچے گا۔ سابقہ مشرقی جرمنی سے تعلق رکھنے والی کاتارینا نے 1984ء کے سرمائی اولپمک مقابلوں میں سکیٹنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف