1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

3096 دنوں کی قید سے ناتاشا کامپوش کی رہائی کو دس سال ہو گئے

Greta Hamann / امجد علی23 اگست 2016

آسٹریا کی ناتاشا کامپوش دَس سال کی تھی، جب اُسے اغوا کر کے ایک چھوٹے سے کمرے میں قید کر دیا گیا تھا۔ اس لڑکی کو 3096 دنوں کی قید سے رہائی 23 اگست 2006ء کو ملی تھی۔ اس سال اس واقعے کو دس سال پورے ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JnQy
Österreich Natascha Kampusch Buchpräsentation
ناتاشا کامپوش اپنی تازہ کتاب ’آزادی کے دَس سال‘ کی تقریب رونمائی کے موقع پرتصویر: picture-alliance/Zeus/PPS

دس سالہ ناتاشا کامپوش دو مارچ سن 1998ء کو اسکول جا رہی تھی، جب وولف گانگ پرکلوپِل نامی ایک شخص نے اُسے اغوا کرلیا اور لے جا کر اپنے گھر کے تہہ خانے کے ایک ایسے کمرے میں بند کر دیا، جس کی کوئی کھڑکی نہیں تھی۔ اس کمرے کا فولادی دروازہ کسی سیف کے دروازے کی طرح بھاری تھا۔

وہاں وہ شخص ساڑھے آٹھ سال تک اس کم سن لڑکی کی تذلیل کرتا رہا، اُسے زد و کوب کرتا رہا، اُسے بھوکا رکھتا رہا اور اُس کی ویڈیوز بناتا رہا۔ ناتاشا اپنی آزادی کے دس سال پورے ہونے کے موقع پر آسٹریا کے ٹی وی چینل ORF سے نشر ہونے والی دستاویزی فلم میں بتاتی ہے: ’’وہ مجھے کم سے کم کپڑے دینے کی کوشش کرتا تھا، مجھے یہ دکھانے کے لیے کہ وہ میرا آقا ہے اور میں اُس کی غلام ہوں۔‘‘

Natascha Kampusch erstes Fernsehinterview
ناتاشا کامپوش ساڑھے آٹھ برس کی قید سے رہائی پانے کے بعد ٹیلی وژن پر اپنا پہلا انٹرویو دے رہی ہیںتصویر: picture-alliance/ag_gk/A. Gebert

اغوا کار اس لڑکی کے عزم و حوصلے کو توڑ نہ سکا۔ ناتاشا کی وہاں سے فرار ہونے کی دَس ویں کوشش بالآخر کامیاب ہوئی۔ تب اُس کی عمر اٹھارہ سال ہو چکی تھی۔

Cover Natascha Kampusch Biografie
ناتاشا کامپوش کی آپ بیتی ’3096 دن‘ کا سرورقتصویر: picture-alliance/dpa

اُس کی رہائی کے ساتھ ہی اُس کے اغوا کار نے خود کُشی کر لی تھی۔ جس تہہ خانے میں ناتاشا کو رکھا گیا، اُسے مٹی ڈال کر دفن کر دیا گیا تھا۔ وہ گھر بعد ازاں زرِ تلافی کے طور پر ناتاشا کی ملکیت میں دے دیا گیا تھا۔ وہاں اُس نے آج کل پناہ کی تلاش میں آنے والے مہاجرین کو رکھا ہوا ہے۔

آزادی کے بعد اپنی پہلی کتاب میں بھی اور بعد ازاں مختلف انٹرویوز میں بھی ناتاشا کا کہنا تھا کہ ان ساڑھے آٹھ برسوں کے دوران اُس کی حیثیت محض ایک بے بس شکار کی سی نہیں تھی بلکہ اُس نے کئی مرتبہ کامیابی کے ساتھ مزاحمت بھی کی۔

آج 28 سالہ ناتاشا کامپوش ایک مضبوط خاتون ہے، جو خود اعتمادی کے ساتھ جیتی ہے اور کھُل کر اپنے ساتھ بیتے واقعات پر بات کرتی ہے۔

اپنے پہلے انٹرویو ہی میں اُس نے کہا تھا: ’’مجھے جو توجہ ملی ہے، اُس سے میرے اوپر ایک ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ میں اس توجہ کو اپنے فائدے کے لیے اور دوسرے انسانوں کے بھلے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہوں۔‘‘

Film 3096 Tage
’3096 دن‘ نامی فلم میں اداکاروں کی مدد سے دکھایا گیا ہے کہ ناتاشا کامپوش کو کس طریقے سے اغوا کیا گیا تھاتصویر: 2013 Constantin Film Verleih GmbH/Jürgen Olczyk

اپنی آزادی کے بعد سے ہی وہ مصائب کے شکار انسانوں کے بارے میں باتیں کرنے لگی تھی۔ وہ اپنے بارے میں رپورٹنگ سے ہونے والی آمدنی کی مدد سے دنیا میں مصائب کو کم کرنا چاہتی تھی اور اُس نے اپنے ارادے سچ کر دکھائے ہیں۔