1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

Cannes چیرٹی شو میں صرف 45 لاکھ ڈالر

امجد علی/عابد حسین قریشی23 مئی 2009

فرانسیسی شہر Cannes میں تیرہ مئی کو شروع ہونے والا دنیا کا اہم ترین بین الاقوامی فلمی میلہ اتوار 24 مئی کو اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ ہر سال کی طرح اِس بار بھی اِس میں ایک چیرٹی شو منعقد کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/Hvmc
1998 کی فائل فوٹو: امریکی صدر بل کلنٹن برلن میں اپنا اب نیلام ہونے والا سیکسو فون اٹھائے سابق جرمن چانسلر ہیلمٹ کوہل کے ہمراہ نظر آ رہے ہیں۔تصویر: picture-alliance/ ZB

گذشتہ سال اِس چیرٹی شو کی کمپیئرنگ اور میزبانی ہالی وُڈ کی نامور اداکارہ شیرن سٹون نے کی تھی اور مہلک مرض ایڈز پر تحقیق کی امریکی فاؤنڈیشن کے لئے دَس ملین ڈالر اکٹھے کرنے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔ تب اُنہوں نے ہالی وُڈ کی ماضی کی مشہور اداکارہ الزبتھ ٹیلر کی قائم کردہ اِس فاؤنڈیشن کو زیادہ سے زیادہ رقم فراہم کرنے کے لئے اپنی پورشے 911 گاڑی کی بولی بھی لگائی تھی اور اُسے نیلام کر دیا تھا۔

اِس بار اِس شو کی میزبانی سابق صدر بل کلنٹن نے کی اور اگرچہ اِس بار شیرن سٹون نے بھی اُن کا ساتھ دیا لیکن گذشتہ سال کی رقم کا نصف حصہ بھی اکٹھا کرنے میں کامیابی نہ ہو سکی۔ بل کلنٹن نے اپنی تقریر میں یہ کہا کہ اگرچہ عالمگیر مالیاتی بحران کے نتیجے میں گذشتہ سال ستمبر اور اِس سال فروری کے درمیانی عرصے میں تیس ٹرلین ڈالر کی رقم ڈوب گئی لیکن وہ جانتے ہیں کہ پھر بھی اِس شو میں موجود افراد کرہء ارض پر موجود 99,9 فیصد لوگوں سے بہتر ہیں۔ تاہم اُن کی اِس طرح کی اپیل کے باوجود جمعرات کی شام منعقدہ شو میں محض کوئی 4,5 ملین ڈالر جمع ہو سکے۔

Persönlichkeiten werden 50 Sharon Stone
معروف امریکی اداکارہ شیرن سٹون ایک شو میںتصویر: AP

اِس بار بل کلنٹن نے، جو بڑے شوق سے سیکسو فون بجاتے ہیں، اپنے اِس ساز پر اپنے دستخط ثبت کرتے ہوئے اِس کی بولی لگائی، جسے ایک چاہنے والے نے ایک لاکھ تیس ہزار یورو میں خرید لیا۔ یہ رقم امریکی ایڈز فاؤنڈیشن اور کلنٹن گلوبل انیشی ایٹو میں برابر برابر تقسیم ہو گی۔ ٹینس کے میدان کی مایہ ناز کھلاڑی خواتین مونیکا سیلیش اور ژیلینا ژانکووِچ کے ہاں ٹینس سیکھنے کے ایک تربیتی گھنٹے کی قیمت ایک شوقین شخص نے 35 ہزار یورو لگائی۔

اِس شو میں مجموعی طور پر کوئی سات سو مہمان شریک تھے۔ اسٹیج کے قریب دَس افراد کی ایک میز کے لئے آرمانی، شانیل اور ڈِیور جیسے فیشن ہاؤسز نے ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ یورو ادا کئے۔ اِن مہمانوں میں معروف جرمن ماڈل کلاؤڈیا شفر، امریکی سوشلائٹ پیرس ہلٹن، ہالی وُڈ کے سٹار فلمساز ہاروے وائن شٹائن اور برطانوی ماڈل الزبتھ ہرلی بھی شامل تھیں۔ برطانوی بینڈ یوردمکس کی گلوکارہ اَینی لینوکس نے خاص طور پر مدعو کی گئی فنکارہ کے طور پر اِس شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔