1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

Dortmund فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی میں شریک جرمن شہر

9 مئی 2006

جرمن شہر Dortmund کی فٹ بال ٹیم چھ مرتبہ قومی چیمپئن رہنے کے علاوہ سن 1997ء میں یورپی کلبوں کا چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYOF
ڈَورٹ مُنڈ کا فٹ بال اسٹیڈیم
ڈَورٹ مُنڈ کا فٹ بال اسٹیڈیمتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن صوبے نارتھ رائن وَیسٹ فیلیہ کا اہم شہر ڈَورٹ مُنڈ دوسری عالمی جنگ کے بعد فٹ بال اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے سارے یورپ میں معتبر سمجھا جاتا ہے۔ کسی زمانے میں یہ کان کنی کے حوالے سے پہچانا جاتا تھا۔ یہاں سے نکلنے والا کوئلہ اور لوہا جرمنی کی صنعتی ترقی میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ یورپ کی سب سے بڑی نہری بندرگاہ بھی اِسی شہر میں ہے جو سامان کی ترسیل کی وجہ سے یکتا ہے۔

تاریخ کے جھروکوں میں جھانکنے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ شہر نَوِیں صدی عیسوی میں معرضِ وجود میں آگیا تھا۔ مختلف اَدوار میں ایک چھوٹے سے قصبے سے ترقی کرتا ہوا یہ ایک بڑے کاروباری اور تجارتی مرکز کی حیثیت اختیار کر گیا۔ دوسری عالمی جنگ میں اتحادی طیاروں کی بمباری سے ڈَورٹ مُنڈ شہر کے اندرونی حصے کا 95 فیصد اور رہائشی علاقے کا 60 فیصد تباہ ہو گیا تھا۔ اِسی راکھ پر آج کا ترقی یافتہ اور جدید شہر تعمیر کیا گیا۔ تعمیر نو کا عمل ساٹھ کے عشرے میں مکمل کر لیا گیا ، جس میں ماحول دوستی کا خاص خیال رکھا گیا اور اِس کا اَرضی منظر اُنیسویں صدی کے صنعتی انداز کے تحت ہی رکھا گیا تاکہ جدیدیت کے ساتھ ساتھ اِس شہر کا قدیمی رنگ بھی نظر آتا رہے۔

تعمیرِ نو کے مرحلے میں تاریخی اعتبار کی عمارتوں اور گرجا گھروں کو قدیمی تزئین ہی دی گئی۔ ڈَورٹ مُنڈ میں باغات اور پارکوں کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ اِس شہر کے ریلوے اسٹیشن کو یورپ کے بڑے اور مصروف ریل اسٹیشنوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ مختلف کھیلوں کے ساتھ یہاں کے شہریوں کو خاص رغبت ہے اور اِن کے 600 فعال کلب موجود ہیں۔

یہاں کی فٹ بال ٹیم نے جرمنی کی قومی چیمپئن شپ Bundesliga میں ایک عرصے تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ ٹیم چھ مرتبہ قومی چیمپئن رہنے کے علاوہ سن 1997ء میں یورپی کلبوں کا چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہے۔ ڈَورٹ مُنڈ کے اسٹیڈیم کی سن 2006ء میں آرائش کی گئی تاکہ عالمی کپ کے میچوں میں اِس کا شکوہ شائقین کو متاثر کر سکے۔ اِس مَیدان پر عالمی کپ کے چَھ میچ کھیلے جائیں گے ، جن میں ایک سیمی فائنل بھی شامل ہے۔