1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

FBI کے ڈائریکٹر پاکستان میں

خبر رساں ادارے4 مارچ 2009

لاہور میں سری لنکن کرکٹرز پر حملے کے ایک روز بعد امریکہ کی فیڈرل بیورو آف انویسٹیگیشن FBI کے ڈائریکٹر رابرٹ موئلر پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں۔ سرکاری طور پر اس دورے کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ پہلے سے ہی طے پایا تھا۔

https://p.dw.com/p/H5Ss
امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے FBI کے سربراہ راپرٹ موئلرتصویر: AP

منگل کو رابرٹ موئلر بھارت میں تھے جہاں انہوں نے گُزشتہ برس کے ممبئی حملوں کی تحقیقات کے حوالے سے بھارت کی تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ مزید پیش رفت پر بات چیت کی۔

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں حکام نے ذرائع کو امریکی سراغ رساں ایجنسی کے سربراہ رابرٹ موئلر سے دور رکھا اور صرف گنے چنے صحافیوں کی ہی اُن تک رسائی ممکن ہوسکی۔ پاکستان میں امریکی سفار خانے نے بھی موئلر کے دورے کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں۔

نجی ٹیلی ویژن چینیلوں کی فوٹیج سے پتہ چلا کہ FBI کے ڈائریکٹر نے پاکستان کے مشیر داخلہ رحمان ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ رابرٹ موئلر کے دورے کے دوران پاکستان کے اندر سلامتی کی مجموعی صورتحال اور ممبئی حملوں کی تحقیقات کے حوالے سے بھارت کے ساتھ تعاون جیسے موضوعات پر پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی۔