1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

Putin: Person of the Year

22 دسمبر 2007

ہفتہ روزہ امریکی جریدے ٹائم نے روسی صدر ولادیمیر پوٹین کو 2007 کے لئے Person of the Year یعنی سال رواں کی شخصیت قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/DYFq
تصویر: AP

اٹھارہ سال قبل بھی اس دور کے سوویت صدر میخائل گورباچوف کو سرد جنگ کے خاتمے اوراپنے وطن میں وسیع تر سیاسی اصلاحات متعارف کرانے پر سال 1989کی شخصیت قرار دیا گیا تھا۔ جہاں تک Time میگزین کی طرف سے گورباچوف کے لئے اعلان کردہ اعزاز کے بعد کی صورت حال کا تعلق ہے توسوویت یونین یعنی USSR کے ٹکڑے گورباچوف کے متعارف کردہ اسی سیاسی انقلاب کے بعد ہوئے تھے۔ پھرسوویت یونین کی جانشین ریاست ، موجودہ وفاق روس اقتصادی اور سیاسی بحران کا شکاربھی ہو گئی تھی۔

اس کے برعکس ولادیمیر پوٹین کو 2007 کے لئے اس اعزاز کا حقدار اس لئے بھی ٹھہرایا گیا کہ انہوں نے اپنے دور صدارت میں دنیا میں روس کے قائدانہ کردار کی بحالی کے لئے خاص طور پر کوششیں کیں جو کافی حد تک کامیاب بھی ہوئیں۔


1927 سے شروع ہونے والے ٹائم پرسن آف دی ایئر سلسلے میں موجودہ روسی صدر پوٹین سے پہلے تین سوویت صدور کواس خطاب سے نوازا جا چکا ہے۔ میخائل گوربا چوف کو یہ اعزاز دو بار، پہلے 1987 میں اور پھر 1989میں ملا تھا۔


19 دسمبر کو پرسن آف دی ایئر کا اعلان کرتے ہوئے ٹائم میگزین کے مینیجنگ ایڈیٹر Richard Stangle نے کہا کہ اس اعزاز کے لئے حتمی فہرست پانچ شخصیات پرمشتمل تھی جن میں عراق میں امریکی فوجوں کے موجودہ کمانڈر ، جنرل ڈیوڈ پیٹریوس پانچویں، چینی صدر ہوجن تاؤ چوتھے، مشہور ناول ہیری پوٹر کی مصنفہ J.K.Rowling تیسرے نمبر پراورابھی حال ہی میں نوبل انعام حاصل کرنے والے سابق امریکی نائب صدر ایل گور دوسرے نمبر پرتھے۔


53 سالہ ولادیمیر پوٹین نے روسی صدر کا عہدہ سن 2000 میں سنبھالا تھا اور 2004 میں وہ اس عہدے پر دوسری مرتبہ منتخب ہوئے تھے۔ انہوںنے صدر بنتے ہی روس کی بگڑتی ہوئی معیشی صورت حال کو سہارا دیا اورماسکو کی دفاعی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا۔ ان کی اقتصادی اصلاحات کی بدولت عام روسی شہریوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا جس کے بعد حالت یہ ہے کہ عوام کی قوت خریداب تک مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔

روسی اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ولادیمیرپوٹین کے برسراقتدار آنے سے پہلے کروڑوں کارکنوں کو وقت پر تنخواہ اور ریٹائرڈ افراد کو پنشن مہینوں نہیں ملتی تھی، مگر اب سب کچھ بدل چکاہے۔ یہی وجہ ہے کہ روسی عوام صدرپوٹین کی قدر کرتے ہیں، یہ کہتے ہوئے کہ انہوں نے ملک بھی بچایا اور عوامی معیار زندگی کو بھی بہتر بنایا۔

روس میں حالیہ پارلیمانی انتخابات میں صدرپوٹین کی جماعت متحدہ روس کو واضح برتری حاصل ہوئی اور عنقریب اپنے عہدے کی دوسری مدت پوری کر نے والے ولادیمیرپوٹین کی خواہش ہے کہ آئندہ وہ منتخب وزیراعظم کی حیثیت میں روسی سیاست میں موجود رہیں۔