1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایس آئی اور سی آئی اے کے تعلقات کشیدہ

10 اپریل 2011

پاکستانی خفیہ ادارے ISI کے ایک اعلیٰ اہلکار نے کہا ہے کہ امریکی اور پاکستانی مشترکہ انٹیلی جنس آپریشنز جنوری سے رُکے ہوئے ہیں۔ یہ آپریشنز جنگجوؤں کے خلاف کارروائی اور افغانستان جنگ کے حوالے سے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10qjE
تصویر: DPA

نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر خبر رساں روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے اعلیٰ اہلکار نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات میں مزید سرد مہری پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی بڑی وجوہات میں مارچ میں کیا گیا مبینہ امریکی ڈرون حملہ اور ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ بنا،’ فی الحال مشترکہ آپریشنز رکے ہوئے ہیں‘۔

پاکستانی خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (ISI) کے اعلیٰ اہلکار نے کہا کہ واشنگٹن اور اسلام آباد حکومتوں کے مابین تناؤ اس وقت پیدا ہوا جب ریمنڈ ڈیوس نے دو پاکستانیوں کو ہلاک کیا تھا۔ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ساتھ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈیوس نے ستائیس جنوری کو لاہور شہر میں دو پاکستانیوں کو ہلاک کیا تھا۔ اگرچہ اس واقعہ کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم بعدازاں ایک طویل کشمکش کے بعد اسلامی قوانین قصاص و دیت کا سہارا لیتے ہوئے اسے رہائی کا پروانہ مل گیا تھا۔

US Drone Predator Flash-Galerie
سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے مابین کشیدہ تعلقات کی وجہ ڈرون حملے بھی ہیںتصویر: AP

ماضی میں پاکستان اور امریکی خفیہ ایجنسیوں کے مشترکہ آپریشنز کی بدولت پاکستان میں موجود القاعدہ نیٹ ورک کے کئی اہم رہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں نائن الیون کے ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کا نام سر فہرست آتا ہے۔

آئی ایس آئی کے اعلیٰ اہلکار نے کہا،’یہ ہمارا ملک ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ مسائل کیسے حل کرنے ہیں۔ ہم تمام ضابطے طے کریں گے۔ یہ افغانستان نہیں ہے‘۔ انہوں نے اصرار کیا کہ سی آئی اے کو پاکستان میں اپنی جاسوسی کے نظام کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہو گا اور مستقبل میں ریمنڈ ڈیوس جیسے واقعات رونما نہیں ہونے چاہیں۔

دوسری طرف پاکستان میں مبینہ امریکی ڈرون حملوں پر بھی کافی اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں۔ سترہ مارچ کو ہوئے ایک ایسے ہی حملے کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جس کےبعد غیر متوقع طور پر پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھی مذمتی بیان جاری کیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں