1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئیوری کوسٹ: اقوامِ متحدہ جانبدار رہی، روسی صدر

15 اپریل 2011

روس کے صدر دمتری میدویدیف کا کہنا ہے کہ آئیوری کوسٹ کے بحران میں اقوامِ متحدہ کا کردار خاصا جانبدارانہ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/10tnr
روسی صدر دمتری میدویدیفتصویر: AP

روسی صدر میدویدیف کا کہنا ہے کہ آئیوری کوسٹ میں اقوامِ متحدہ کا جو کردار سامنے آیا ہے وہ انتہائی خطرناک ہے۔ ان کا موقف ہے کہ اقوامِ متحدہ نے اس افریقی ملک میں اقتدار کی رسّہ کشّی میں جانبداری سے کام لیا اور ایک فریق کا ساتھ دیا۔

آئیوری کوسٹ میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر اور گزشتہ برس نومبر کے انتخابات میں حقیقی فاتح الاسان وتارا نے اقتدار پر قابض لاراں باگبو کی فورسز کو شکست دے کر تنازعہ حل تو کردیا ہے تاہم اقوامِ متحدہ کے امن مشن کی کارروائی کو بعض حلقے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ روسی صدر ان میں سے ایک ہیں۔

Elfenbeinküste Bürgerkrieg
روسی صدر کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے اس تنازعے میں وتارا کے حامیوں کی مدد کیتصویر: AP

آئیوری کوسٹ کی اس خانہ جنگی میں فرانسیسی فضائیہ اور اقوامِ متحدہ کے امن مشن نے بھی حصّہ لیا تھا جس کا مقصد وہاں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔

روسی صدر کا کہنا ہے: ’اقوامِ متحدہ کی قرارداد کا مطلب یہ ہرگز نہیں تھا کہ وہ کسی ایک فریق کا ساتھ دے۔ اقوامِ متحدہ جانبدار نہیں ہوسکتی مگر در حقیقت ہوا ایسا ہی ہے۔ ہمیں اقوامِ متحدہ کی لیڈرشپ پر شدید تحفظات ہیں۔ یہ ایک بہت خطرناک طرزِ عمل ہے‘۔

روسی صدر نے مغربی ممالک کی جانب سے لیبیا میں فوجی کارروائی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نیٹو ممالک اقوامِ متحدہ کے مینڈیٹ سے تجاوز کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ لیبیا میں ’نو فلائی زون‘ نافذ کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی ووٹنگ میں روس نے حصّہ نہیں لیا تھا۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں