1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اجمل قصاب کی سزا کے خلاف ممبئی میں سماعت شروع

18 اکتوبر 2010

بھارتی شہر ممبئی میں آج ایک عدالت نے نومبر 2008 کے دہشت گردانہ حملوں میں سزائے موت پانے والے پاکستانی مجرم اجمل قصاب کی طرف سے اپنی سزا کے خلاف دائر کی گئی اپیل کی اولین سماعت شروع کر دی۔

https://p.dw.com/p/PgkW
اجمل قصاب کو چھ مئی کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھیتصویر: AP

بھارتی حکام کے مطابق اجمل قصاب کا تعلق ممنوعہ پاکستانی عسکریت پسند تنظیم لشکر طیبہ سے ہے۔ وہ قریب دو سال پہلے ممبئی میں کئے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کا واحد زندہ مجرم ہے۔ اجمل قصاب کو ممبئی میں بیک وقت کئی مقامات پر کئے جانے والے خونریز حملوں کے سلسلے اسی سال چھ مئی کو دہشت گردی اور وسیع پیمانے پر قتل کی کارروائیوں کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

Mumbai Anschläge Gerichtsverhandlung Ajmal Kasab
اپیل کی سماعت ہائی کورٹ کے ایک دو رکنی بینچ نے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت شروع کیتصویر: AP

نومبر 2008 میں ممبئی میں دس مسلح حملہ آوروں کی طرف سے کئے جانے والے یہ حملے تقریبا تین دن تک جاری رہے تھے۔ ان میں اجمل قصاب کے علاوہ باقی نو کے نو حملہ آور مارے گئے تھے۔ ان واقعات میں مجموعی طور پر 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بھارتی قانون کے مطابق کسی مجرم کو اگر سزائے موت سنائی جاتی ہے، تو اس پر عمل درآمد سے پہلے ہائی کورٹ، سپریم کورٹ اور آخر میں ریاستی صدر کی طرف سے اس کی منظوری بھی لازمی ہوتی ہے۔ بھارتی نیوز ٹیلی وژن چینل NDTV نے بتایا کہ آج پیر کو ممبئی میں اجمل قصاب کی اپیل کی سماعت ہائی کورٹ کے ایک دو رکنی بینچ نے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت شروع کی۔

Soldaten mit schweren Waffen
ممکنہ قاتلانہ حملے کے خطرے کے پیش نظر سخت سکیورٹی تعینات کی گئیتصویر: Fotoagentur UNI

اس دوران 22 سالہ قصاب نے دہلی کی سینٹرل جیل سے ایک ویڈیو رابطے کے ذریعے عدالت کے سامنے اپنے بیان دئے۔ نئی دہلی میں اجمل قصاب کو مرکزی جیل کے جس سیل میں رکھا گیا ہے، وہ خاص طور پر بلٹ پروف اور بم پروف بنایا گیا ہے۔

ایسی کسی بھی اپیل کی سماعت میں سزا یافتہ مجرم کو عام طور پر عدالت کے سامنے ذاتی طور پر پیش ہونے کا موقع دیا جاتاہے۔ لیکن اجمل قصاب کے معاملے میں عدالت نے اس کے ساتھ جیل سے ویڈیو رابطے کا فیصلہ اس پر ممکنہ قاتلانہ حملے کے خطرے کے پیش نظر کیا۔

آج کی کارروائی میں اجمل قصاب کے وکلاء نے عدالت کے سامنے یہ موقف اختیار کیا کہ اجمل قصاب پر جن خونریز واقعات سے متعلق الزامات عائد کئے گئے ہیں، وہ کوئی منظم دہشت گردانہ حملہ نہیں تھا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید