1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحری جہاز، سینکڑوں تارکین وطن کے ساتھ سِسلی پر

20 جون 2018

اطالوی کوسٹ گارڈ کا ایک جہاز پانچ سو سے زائد تارکین وطن کو لے کر سِسلی پہنچ گیا ہے۔ ان تارکین وطن میں درجنوں وہ بھی ہیں، جنہیں امریکی بحریہ نے بحیرہء روم میں لیبیا کے پانیوں کے قریب ریسکیو کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2zvnG
Spanien «Aquarius»-Migranten in Valencia
تصویر: Getty Images/AFP/P. Barrena

چند روز قبل انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے نئے اطالوی وزیرداخلہ نے ریسکیو کیے جانے والے تارکین وطن کو اٹلی کی حدود میں داخلے سے روکنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم منگل کی شب ایک جہاز 522 تارکین وطن کے ہم راہ سِسلی کی ایک بندرگاہ پر پہنچ گیا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین UNHCR کی جانب سے ایک ٹوئٹر پیغام میں ان اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے، ’’ایک ریسکیو جہاز 522 افراد کو لے کر بہ حفاظت پوزالو پہنچ گیا ہے۔‘‘

اس عالمی ادارے کے بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’یہ افراد ریسکیو کی مختلف کارروائیوں میں بچائے گئے۔ ان میں 42 ایسے افراد بھی ہیں، جنہیں ڈوبتے ہوئے بچایا گیا اور انہیں فوری طبی نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے۔‘‘

بتایا گیا ہے کہ اٹلی پہنچنے والے ان تارکین وطن میں سے درجنوں ایسے ہیں، جو جسم میں پانی کی کمی کا شکار ہیں۔ ان میں سے چھ بچوں، تین خواتین اور ایک مرد کو پوزالو میں ریڈکراس کے زیرانتظام ایک طبی مرکز میں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

مہاجرین کا بحران اٹلی اور فرانس کے مابین سفارتی کشیدگی کا سبب

اٹلی پناہ نہیں دیتا تو ہمارے دروازے کھلے ہیں، اسپین

مہاجرین کا جہاز سمندر میں سرگرداں، اٹلی کا قبولیت سے انکار

فی الحال یہ معلوم نہیں ہےکہ آیا سِسلی پہنچنے والے تارکین وطن میں وہ 41 افراد بھی شامل ہیں، جنہیں گزشتہ منگل کو لیبیا کے پانیوں کے قریب امریکی بحری جہاز ٹرنٹون نے بچایا تھا۔ امریکی بحیرہ کے مطابق ایک تیز رفتار کارگوجہاز نے سمندر میں 12 لاشیں دیکھی تھیں، تاہم جب امریکی ریسکیو کارروائی شروع ہوئی، تو یہ لاشیں نہ مل پائیں۔

سمندر میں ایک امدادی تنظیم کے جہاز کی جانب سے بچائے جانے والے تارکین وطن کو اپنے ہاں جگہ کی پیش کش کی گئی تھی، تاہم اطالوی حکام نے اس جہاز کو اپنی حدود میں داخلے سے روک دیا تھا۔

نئے اطالوی وزیرداخلہ ماتیو سالوینی نے تارکین وطن کو ریسکیو کرنے والی امدادی تنظیموں کو خبردار کیا ہے کہ  انہیں ’سامان نما انسان‘ اطالوی بندرگاہوں تک لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گزشتہ ہفتے اطالوی حکومت نے ایک فرانسیسی امدادی تنظیم پر بھی اپنی سرحدی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی، جب کہ اس تنظیم کے جہاز پر چھ سو سے زائد تارکین وطن موجود تھے۔ یکم جون کو وزارت داخلہ کے منصب پر فائز ہونے والے سالوینی نے امدادی تنظیموں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان ریسکیو کارروائیوں کے ذریعے انسانوں کے اسمگلروں کی مدد کر رہے ہیں۔

ع ت / ص ح / روئٹرز