1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان صدر حامد کرزئی کا دورہ بھارت

25 اپریل 2010

افغان صدر حامد کرزئی پیر کے روز بھارت پہنچ رہے ہیں۔ کرزئی نئی دہلی میں 24 گھنٹے قیام کے دوران وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کریں گے۔ ان کی ملاقات صدر پرتیبھا پاٹیل سے بھی متوقع ہے۔

https://p.dw.com/p/N5si
تصویر: AP

کابل میں دو ماہ قبل طالبان کے ایک خودکش حملے کے نتیجے میں سات بھارتی شہریوں کی ہلاکت کے بعد اس دورے میں سلامتی کی صورتحال کو بنیادی حیثیت حاصل رہے گی۔ کرزئی منگل کے روز بھوٹان چلے جائیں گے، جہاں انہیں جنوبی ایشیائی ممالک کی علاقائی تعاون کی تنظیم سارک کے اجلاس میں شرکت کرنا ہے۔

Indien Außenminister SM Krishna
بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشناتصویر: AP

بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرزئی کے اس دورے سے دونوں ممالک کے رہنماؤں کو دوطرفہ تعلقات، باہمی مفادات اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کا موقع ملے گا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت افغان حکومت اور عوام کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گا۔

بھارت افغانستان کی تعمیر نو کے لئے ایک اعشاریہ تین بلین ڈالر کی امداد کر رہا ہے۔ اس وقت 3500 بھارتی شہری وہاں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر اور پاور سٹیشن لائنوں کی تنصیب کے علاوہ پارلیمان کی ایک نئی عمارت کی تعمیر میں بھی مصروف ہیں۔

بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا نے گزشتہ بدھ کو پارلیمان میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سن 2008ء سے اب تک افغانستان میں 17 بھارتی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ کرشنا نے کہا کہ بھارتی شہریوں پر حملوں کے باوجود نئی دہلی حکومت افغانستان میں تعمیر نو کی سرگرمیوں میں کمی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ کرشنا نے بتایا کہ افغانستان میں بھارتی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان