1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں ایک غیر شادی شُدہ جوڑا سنگسار

17 اگست 2010

شمالی افغانستان میں طالبان باغیوں نے ’ناجائز تعلقات‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک غیر شادی شدہ جوڑے کو سرعام ہلاک کر دیا ہے۔ حکام اورعینی شاہدین کے مطابق دونوں کو سنگسار کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/Op3N
برسلز: سنگساری کے خلاف احتجاجتصویر: AP

قندوز صوبے میں امام صاحب ضلع کے گورنر محمد ایوب نے خبر رساں ادارے AFP کو بتایا ہے کہ 23 سالہ خاتون اور 28 سالہ مرد کو اس لئے جان سے مارا گیا کیونکہ دونوں ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے:’’ طالبان باغیوں نے ملا قلی نامی گاؤں میں دونوں کو سنگسار کر دیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ طالبان باغیوں کے کنٹرول میں ہے۔

اس گاؤں کے ایک رہائشی عبدالستار نے بتایا ہے کہ اتوار کی شب کوئی سو کے قریب افراد جمع ہوئے اور وہاں ایک بیان پڑھ کر سنایا گیا کہ اس غیر شادی شدہ جوڑے نے ناجائز تعلقات کا اعتراف کر لیا ہے، اس لئے انہیں سنگسار کیا جا رہا ہے۔

Steinigung in Pakistan
1987ء : پاکستان میں ایک بم حملے کے ملزم ظاہر شاہ کو جرگے کے ایک فیصلے کے بعد ستگسار کر کے ہلاک کر دیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

عبدالستار نے بتایا کہ ہلاک کیا گیا مرد شادی شدہ تھا جبکہ خاتون کی منگنی ہو چکی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مجمع میں زیادہ تر طالبان باغی تھے۔ جیسے ہی پتھر مارنے کا اعلان کیا گیا تو لوگوں نے پتھر برسانے شروع کر دئے۔ عبدالستار نے مزید بتایا کہ دونوں کے ہاتھ کمر کے ساتھ باندھ کر انہیں ایک کھلے میدان میں کھڑا کیا گیا تھا اور اس وقت تک پتھر برسائے جاتے رہے، جب تک کہ وہ ہلاک نہیں ہو گئے۔

ایک مقامی طالبان باغی نے ٹیلی فون کے ذریعے اس واقعے کی تصدیق کی ہے:’’دونوں نے ’ناجائز تعلقات‘ کا اعتراف کیا اور اس بنیاد پر انہیں سنگسار کرنے کی سزا دی گئی۔‘‘

Symbolische Steinigung vor dem Brandenburger Tor in Berlin
جرمن دارالحکومت برلن میں سنگساری کی سزا کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

انسانی حقوق کے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ سن 2001ء میں افغانستان پر امریکی یلغار کے بعد سے کسی جوڑے کو سنگسار کئے جانے کا یہ پہلا مصدقہ واقعہ ہے۔ ادارے نے بتایا کہ یہ جوڑا پاکستان میں تھا لیکن ان کے گھر والوں نے ان کی شادی کروانے کا وعدہ کر کے انہیں واپس اپنے مقامی علاقے میں بلوایا، جہاں انہیں ہلاک کر دیا گیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے فعال کردار ادا کریں۔ افغان صدر حامد کرزئی کے ترجمان وحید عمر نے کہا ہے کہ اگر سنگسار کرنے کا یہ واقعہ درست ہے تو کابل حکومت اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں