1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

القاعدہ نے بن لادن کی موت کی تصديق کر دی

6 مئی 2011

دہشت گرد تنظيم القاعدہ نے آج جمعہ کو اپنے انٹرنيٹ پر شائع ہونے والے ايک پيغام ميں اسامہ بن لادن کی موت کی تصديق کر دی ہے۔ اس پيغام ميں القاعدہ نے پاکستان سميت امريکہ کے اتحاديوں سے انتقام لينے کی دھمکی بھی دی ہے۔

https://p.dw.com/p/11Axk
ايبٹ آباد ميں بن لادن کی رہائش گاہ
ايبٹ آباد ميں بن لادن کی رہائش گاہتصویر: dapd

امريکی صدر اوباما کی طرف سے اسامہ بن لادن کی موت کے اعلان کے پانچ دن بعد القاعدہ نے بن لادن کی موت کی تصديق کرتے ہوئے يہ بھی کہا ہے کہ يہ ايک تاريخی لمحہ ہے۔ اُس نے مسلح جدو جہد ترک نہ کرنے کا عہد بھی کيا۔

بن لادن کے کمپاؤنڈ سے شعلے بلند ہو رہے ہيں
بن لادن کے کمپاؤنڈ سے شعلے بلند ہو رہے ہيںتصویر: AP

القاعدہ کے انٹر نيٹ پيغام ميں کہا گيا ہے: ’’عظيم مسلم امت کے ليے اس تاريخی دن مجاہد شيخ ابو عبداللہ، اسامہ بن محمد بن لادن اُس راہ پر ہلاک کرديے گئے، جس پر اُن سے پہلے بھی لوگ چلے تھے اور آئندہ بھی چليں گے۔ اسلامی امت کو اُس کے فرزند اسامہ کی شہادت پرمبارکباد۔‘‘

القاعدہ نے کہا ہے کہ وہ عن قريب ايک آڈيو ٹيپ بھی جاری کرے گی، جو بن لادن نے اپنی موت سے ايک ہفتے قبل تيار کيا تھا۔ اسلامی انٹر نيٹ ویب سائٹوں پر شائع ہونے والے پيغام ميں القاعدہ نے يہ بھی کہا ہے: ’’اللہ کی اجازت سے يہ ايک لعنت ہے، جو ہميشہ امريکيوں اور ان کے ساتھيوں کا ان کے ملک کے اندر اور باہر پيچھا کرتی رہے گی۔ اُن کی خوشی غم ميں تبديل ہو جائے گی اور اُن کا خون اُن کے آنسؤوں ميں مل جائے گا۔‘‘

القاعدہ کے پيغام ميں امريکہ سے يہ بھی کہا گيا ہے کہ وہ بن لادن اور دوسرے ہلاک شدگان کے جسموں کے ساتھ احتياط سے کام لے اور اُنہيں ان کے خاندانوں کو واپس کردے۔ اُس نے دھمکی دی ہے: ’’اگر تم نے ايسا نہيں کيا تو مصيبت کے دروازے تم ہی پر کھل جائيں گے۔‘‘

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی
ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں