1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی سینما میں اندھا دھند فائرنگ میں تین افراد ہلاک

مقبول ملک24 جولائی 2015

امریکی ریاست لوئیزیانا کے شہر لافایَٹ میں ایک سینما میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک واقعے میں تین افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں حملہ آور بھی شامل ہے، جس نے موقع پر ہی خود کشی کر لی۔

https://p.dw.com/p/1G408
تصویر: Reuters/Lee Celano

نیوز ایجنسی روئٹرز کی جمعے کی صبح ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ عالمی وقت کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب بارہ بجے اور مقامی وقت کے مطابق جمعرات شام سات بجے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں ایک مسلح شخص نے ’ٹرین رَیک‘ Trainwreck نامی فلم کے ایک شو کے دوران سینما میں فلم بینوں کے ہجوم پر فائر کھول دیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے، جس کے فوری بعد حملہ آور نے فائرنگ کے لیے استعمال کی گئی ہینڈ گن کے ذریعے خود کشی کر لی۔ روئٹرز کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست کولوراڈو میں ’اورورا‘ کے مقام پر پیش آنے والے اس واقعے کے تقریباﹰ ٹھیک تین سال بعد پیش آیا ہے، جس میں اسی طرح کے ایک حملے میں ایک سینما میں ایک مسلح حملہ آور نے فائرنگ کر کے 12 افراد کو قتل کر دیا تھا۔

USA Lafayette Zwei Tote und mehrere Verletzte bei Schüssen in Kino
تصویر: Reuters/Lee Celano

گزشتہ رات لوئیزیانا میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں لافایَٹ کے پولیس سربراہ جِم کرافٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ اس فائرنگ کے کچھ ہی دیر بعد پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے تھے لیکن تب تک 58 سالہ مشتبہ قاتل سینما کے اندر کئی فلم بینوں کو نشانہ بنانے کے بعد خود کشی کر چکا تھا۔ جِم کرافٹ کے مطابق جو فلم شائقین زخمی ہوئے ہیں، ان میں سے چند کی حالت نازک ہے جبکہ دیگر افراد کی زندگیاں خطرے میں نہیں ہیں۔

تفتیشی ماہرین کے مطابق ابتدائی چھان بین کے بعد وہ خود کشی کر لینے والے مبینہ قاتل کی شناخت کر لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں تاہم فی الحال اس کا نام ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے علاوہ حکام نے اس بارے میں بھی فوری طور پر کچھ کہنے سے انکار کر دیا کہ اس خونریز واقعے کے محرکات کیا ہو سکتے ہیں یا یہ کہ آیا انہیں موقع سے کوئی شواہد بھی ملے ہیں۔

لافایَٹ پولیس کے سربراہ نے کہا، ’’حملہ آور بھی ہلاک ہو چکا ہے۔ بظاہر اس شخص کا مجرمانہ ریکارڈ بھی تھا، جو کافی پرانا تھا۔‘‘ چند عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے فلم کا شو شروع ہونے کے قریب 20 منٹ بعد، جب سینما ہال کے اندر تمام لائٹیں بند تھیں، اپنی سیٹ سے اچانک کھڑے ہو کر اپنے ارد گرد فائرنگ شروع کر دی تھی۔