1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی فوجی امداد کی معطلی، ’وجہ پاکستانی اقدامات‘

11 جولائی 2011

وائٹ ہاؤس نے اسلام آباد حکومت کے بعض اقدامات کو پاکستانی فوج کے لیے کروڑوں ڈالر کی امریکی امداد کی معطلی کا سبب قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11skP
تصویر: Gina Sanders/Fotolia

اتوار کو وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف ولیم ڈیلی نے بتایا کہ پاکستانی حکام نے بعض ایسے اقدامات کیے، جن کے باعث امریکہ کو امداد روکنے کی وجہ مل گئی۔ ایک نشریاتی انٹرویو میں ولیم ڈیلی نے تصدیق کی کہ عسکری مقاصد کے لیے پاکستان کو دی جانے والی 800 ملین ڈالر کی امداد روک دی گئی ہے۔ یہ امداد پاکستان کو دفاعی شعبے میں تعاون کے لیے دی جانے والی دو ارب ڈالر کی امداد کا حصہ تھی۔

امریکی وزارت دفاع کے مطابق پاکستانی فوج نے پاکستان متعینہ امریکی فوجی تربیت کاروں کی تعداد میں نمایاں کمی کی درخواست کی تھی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی اہلکاروں کے لیے پاکستانی ویزےکی دستیابی کو بھی محدود کیا گیا ہے۔ پینٹاگون کے مطابق گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات تعلقات میں تناؤ کا سبب بنے ہیں۔ یاد رہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ بھی اسی عرصے میں پیش آیا تھا۔

پینٹاگون کی جانب سے جاری کیے گئے ایک تحریری بیان کے مطابق، ’’پاکستانی فوجی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ ایک عارضی اقدام ہے تاہم ہمارے تربیت کاروں اور دیگر عملے کی کمی کے سبب ہم ایسا تعاون فراہم کرنے سے قاصر ہیں، جو تربیت کے کارآمد ہونے کے لیے ضروری ہے۔‘‘

NO FLASH Pakistan USA Militär Übung Manöver
پاکستانی اور امریکی فوجیوں کی ایک مشترکہ تربیتی مشق کا منظرتصویر: AP

امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے موجودہ ویک اینڈ پر انکشاف کیا تھا کہ پاکستان نے اپنی نیم فوجی فورس فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تربیت پر مامور ایک سو امریکی ماہرین کو فارغ کر دیا ہے۔ اخبار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستانی حکام نے وہ اڈہ بھی بند کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے، جہاں سے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے اہلکار ڈرون حملوں کا انتظام سنبھالتے ہیں۔

حالیہ اقدام کے بعد انسداد دہشت گردی کے ضمن میں امریکہ کے اپنے اہم اتحادی ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات میں تناؤ بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ دو مئی کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت اور قبائلی علاقوں میں مسلسل ڈرون حملوں کے سبب اسلام آباد کی بھی واشنگٹن سے ناراضگی بڑھ رہی ہے۔

امریکی محکمہ ء خارجہ نے صورتحال سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی اور رواں حالات کو انتہائی گہری نگاہ سے دیکھ رہا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں