1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی معیشت میں اتار، پلوسی کے لئے مشکلات

30 اکتوبر 2010

امریکی ایوان نمائندگان کی قیادت کرنے والی ڈیموکریٹک رہنما نینسی پلوسی کو اگلے ہفتے ہونے والے انتخابات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر پلوسی ایوان کی اسپیکر کی کرسی سے ہاتھ دھو سکتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/PuIW
تصویر: AP

چار برس قبل امریکہ میں غیر مقبول عراق جنگ پر اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیوبش کے خلاف موثر انتخابی مہم اور شعلہ بیان تقاریر سے انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرنے والی پلوسی، اس بار عوامی جائزوں میں خاصی غیر مقبول دکھائی دے رہی ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ ڈیموکریٹک حکومت میں امریکی معیشت میں واضح بہتری نہ آنے اور صدر اوباما کی انتخابی مہم میں کئے گئے وعدوں اور توقعات کے برعکس امریکی عوام کو حاصل ہونے والے کم فوائد کا اثر ایوان نمائندگان پر یقینی طور پر پڑے گا۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا سے منتخب ہونے والی نینسی پلوسی کے حوالے سے سامنے آنے والے عوامی جائزوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ہر تین میں سے زیادہ سے زیادہ ایک امریکی شہری ہی پلوسی کو دوبارہ ایوان نمائندگان کا اسپیکر دیکھنا چاہتا ہے۔

Demokratin Nancy Pelosi ist neue Sprecherin des Repräsentantenhauses
پلوسی ممکنہ طور پر اپنی کرسی سے ہاتھ دھو سکتی ہیںتصویر: AP

مبصرین منگل کے روز ہونے والے امریکی ایوان نمائندگان کے انتخابات میں ریپبلیکن پارٹی کو ممکنہ طور پر فاتح قرار دے رہے ہیں۔ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ عوامی رائے میں تبدیلی کی وجہ امریکی میں بے روزگاری میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے اور اس پر امریکی عوام ڈیموکریٹ حکومت سے خاصے ناراض ہیں۔

امریکہ کے سینٹر برائے کانگریس اور صدارتی مطالعہ سے منسلک تجزیہ کار جیمز تھربر کے مطابق پلوسی اس بار یقینی طور پر مشکلات کا شکار ہیں، کیونکہ ان کو عوام میں پائے جانے والے غصے اور خدشات کا سامنا ہے۔ جیمز تھربر کا کہنا ہے کہ تاریخی طور پر وہ ایک اہم اسپیکر کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

گزشتہ برس امریکہ کی اہم ترین خاتون کے سالانہ مقابلے میں ٹائمز میگزین نے انہیں دوسرے نمبر پر سب سے اہم خاتون قرار دیا تھا۔

Barack Obama Rede im US-Kongress
امریکی صدر اوباما، نائب صدر جوبائیڈن اور اسپیکر نینسی پلوسی کے ہمراہتصویر: AP

ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی برتری صدر اوباما کے لئے اہمیت کی حامل ہے۔ اس برتری کی وجہ سے اوباما انتظامیہ کی طرف سے پیش کردہ قانونی بل نہایت آسانی سے منظور ہوتے رہے ہیں۔ اس امر کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صدر اوباما کسی بھی سابق امریکی صدر کے مقابلے میں قانونی بلوں کی منظوری کے اعتبار سے سب سے آگے ہیں۔

صدر اوباما کی طرف سے ایسے قانونی بل بھی بہت آسانی سے منظور کرا لئے گئے، جو ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی برتری کے بغیر منظور ہونا آسان نہیں تھے۔ عالمی مالیاتی بحران کے وقت 817 بلین ڈالر کا مالیاتی پیکج، امریکہ میں صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے کی اصلاحات اور وال سٹریٹ کے حوالے سے سخت قانون سازی ایسے ہی کامیاب اقدامات ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں