1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انتقال اقتدار کے معاہدے کے بعد بھی یمن مسائل کی لپیٹ میں

25 نومبر 2011

یمنی صدر علی عبداللہ صالح کی جانب سے اقتدار کو بالآخر خیرباد کہہ دینے پر آمادگی کے بعد اس عرب ریاست میں تعمیر نو کے آغاز کی راہ میں تاحال بے شمار رکاوٹیں حائل ہیں۔

https://p.dw.com/p/13HNf
علی عبداللہ صالح نے خلیجی تعاون کی کونسل کی جانب سے پیش کردہ اقتدار کی منتقلی کے فارمولے کو تسلیم کر لیاتصویر: dapd

یمن میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری مظاہروں اور خونریزی کے باعث ملک کا اقتصادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ شدید نوعیت کے مسلسل بین الاقوامی دباؤ کے بعد یمن کے صدر علی عبداللہ صالح نے خلیجی تعاون کی کونسل کی جانب سے پیش کردہ اقتدار کی منتقلی کے فارمولے کو تسلیم کر لیا اور اس حوالے سے ایک باقاعدہ معاہدے پر دستخط بھی کر دیے۔

اس معاہدے کے تحت اگلے 90 روز میں انتہائی غربت کے شکار یمن میں عام انتخابات کرائے جائیں گے۔ الیکشن کے بعد حکومتی معاملات دو سال تک ایک عبوری حکومت دیکھے گی۔ معاہدے کے مطابق علی عبداللہ صالح کو اپنے خلاف عدالتی کارروائی اور احتسابی عمل سے استثنیٰ حاصل ہو گا تاہم عام انتخابات کے انعقاد تک نائب صدر عبدالرب منصور ہادی قائم مقام ریاستی سربراہ کے فرائض انجام دیں گے۔ اس معاہدے پر دستخطوں کے بعد ملکی دارالحکومت صنعاء میں ہزاروں مظاہرین نے صالح کے لیے متنازعہ مامونیت کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کیا اور ایسے نعرے بھی لگائے جاتے رہے کہ عبداللہ صالح کو موت کی سزا دی جائے۔

الاقوامی سطح پر اس معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے اس تصفیے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے یمنی عوام کو امریکہ کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی صدر صالح کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آئندہ پیر کے روز اپنے ایک اجلاس میں یمن کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لے گی۔

Proteste gegen die Regierung im Jemen
صالح کے جانے کے بعد حصول اقتدار کی کوششوں میں مذہبی جماعتیں بھی شامل ہو جائیں گیتصویر: dapd

مبصرین کے مطابق یمن میں صدر صالح کے خلاف رواں برس جنوری میں عوامی مظاہرے شروع ہونے کے بعد کئی شدت پسند گروپوں نے حالات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کے جنوبی صوبوں میں خود کو کافی حد تک مضبوط بنا لیا تھا۔ امریکی حکومت بھی اس صورتحال پر کئی مرتبہ تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔ واشنگٹن کے مطابق صدر صالح کے اقتدار سے ہٹ جانے کے بعد ایک سیاسی خلاء پیدا ہو سکتا ہے، جس سے انتہا پسند عناصر کو ممکنہ طور پر فائدہ پہنچے گا۔

عرب دنیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والے ناقدین کے مطابق بھی صدر صالح کے جانے کے بعد حصول اقتدار کی کوششوں میں مذہبی جماعتیں بھی شامل ہو جائیں گی اور یوں صنعاء میں اقتدار کے لیے رسہ کشی یقینی طور پر طویل اور شدید تر بھی ہو سکتی ہے۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید