1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا: زلزلے میں ہلاک شدگان 1000سے زائد

2 اکتوبر 2009

انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا پر زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جکارتہ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ 11 سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Jvxx
زلزلے کے باعث سینکڑوں عمارتیں تباہ ہو گئی ہیںتصویر: AP

انڈونیشیا کے مقامی ذرائع ابلاغ میں مرنے والوں کی تعداد میں تضاد پایا جاتا ہے۔ سماٹرا کے جزیرے پر زلزلے سے متاثرہ بعض علاقوں کا تاحال پتا نہیں چل سکا۔

انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا پر بدھ کی شام زلزلے نے تباہی مچائی، جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کے بعد بھی زلزلے کے جھٹکوں کا سلسلہ جاری رہا۔

Erdbeben auf Sumatra
زلزلے سے متاثرہ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہےتصویر: AP

اس زلزلے نے وسیع علاقے پر تباہی پھیلائی ہے جبکہ بیشتر علاقوں سے ملبہ ہٹایا نہیں جا سکا۔ حکام کے مطابق ملبہ ہٹانے کے لئے درکار مشینری کی بھی قلت ہے۔ بعض علاقوں تک امدادی ٹیمیں ابھی تک نہیں پہنچ پائیں۔ متاثرہ علاقوں میں موجود طبی عملے کے مطابق زخمیوں کی تعداد اس قدر زیادہ ہے کہ ان کے علاج کے لئے کافی وسائل دستیاب نہیں۔

انڈونیشیا کے صدر سُسیلو بامبانگ یودھویونو نے پادانگ کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی سروسز کو مزید برے حالات کے لئے تیار رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقصان کا اندازہ زیادہ ہی لگایا جائے تو بہتر ہے۔ یودھویونو نے کہا: ’’اس چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے ایک ہنگامی منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔ میں متعلقہ وزراء اور فوجی سربراہ کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ یہ سب بہت اہم ہے کیونکہ ہمیں متاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ڈاکٹروں کی ضرورت ہے۔‘‘

اُدھر امریکی صدر باراک اوباما نے سماٹرا کے زلزلے پر انتہائی دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا ایک غیرمعمولی ریاست ہے، جسے قدرتی آفات کے نتیجے میں غیرمعمولی مسائل کا سامنا رہا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ انڈونیشیا کے عوام کا حوصلہ مضبوط ہے اور وہ ایسے چیلنجز کا ہمت سے سامنا کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ باراک اوباما اپنے زمانہ طالب علمی کا کچھ عرصہ جکارتہ میں گزار چکے ہیں۔

واشنگٹن حکام نے اس حوالے سے تین لاکھ ڈالر کی امداد جاری کردی ہے جبکہ متاثرین کی مدد کے لئے مزید تین لاکھ ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔

جکارتہ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کی مدد کے لئے 26 ملین ڈالر کی منظوری دے دی گئی ہے۔ خبررساں اداروں نے متاثرین کے لئےحوالے سے بتایا ہے کہ ان تک پہنچنے والی امداد نہ تو بروقت اور نہ کافی!

Tausende Tote bei Erdbeben auf Sumatra befürchtet
امدادی سرگرمیاں جاری ہیں

دوسری جانب اقوام متحدہ کے نائب سیکریٹری جنرل جان ہولمز نے نیویارک میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ مینتاوی کے جزیرے پر بھی بڑی تباہی کا خدشہ ہے تاہم وہاں ہونے والے نقصان کی تفصیلات نہیں مل پائیں۔

جان ہولمز نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مختلف اداروں پر مشتمل ایک مشن متاثرہ علاقوں کو بھیجا گیا ہے جبکہ UNDP نے جکارتہ حکام کو ایک لاکھ ڈالر کی مالی معاونت دی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امداد بھی پہنچائی جا رہی ہے۔

فلاحی کارکن متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اس زلزلے کے نتیجے میں سماٹرا کا شہر پادانگ اور پریامان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ پادانگ کی آبادی ایک ملین بتائی جاتی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف توقیر