1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوول ٹیسٹ: وہاب ریاض نے پانسا پلٹ دیا

19 اگست 2010

پاکستان کی طرف سے اپنا پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلنے والے وہاب ریاض نے اوول ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/Or5I
تصویر: AP

انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے پاکستانی نوجوان کھلاڑی وہاب ریاض نے 18 اووروں میں 63 رنز کے عوض پانچ انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نائٹ واچ مین کے طور پر بیٹنگ کرتے ہوئے کریز پر موجود ہیں۔ پاکستانی ٹیم اس وقت 48 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر کھیل رہی ہے۔ آؤٹ ہونے والے بیٹسمین عمران فرحت ہیں جو 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو پہلی اننگز کے تعاقب میں ابھی مزید 185 رنز بنانا ہیں۔

میچ کے بعد وہاب ریاض نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ انہیں اس وقت بالکل کسی خواب کی تعبیر کا سا احساس ہو رہا ہے، ’’یہ بالکل خواب جیسا ہے۔ یہ میرا خواب تھا، جو پایہ تکیمل کو پہنچ گیا۔‘‘

Pakistan Kricket Team in England
پاکستان کی پوزیشن میچ میں خاصی مضبوط ہو گئی ہےتصویر: ap

25 سالہ وہاب ریاض نے انگلینڈ کے کپتان انڈریو سٹاؤس، جوناتھن ٹروٹ، کیون پیٹرسن، ایون مورگن اور بروڈ کو آؤٹ کیا۔ یہ منجھے ہوئے انگلش کھلاڑی نوجوان ریاض کی بولنگ کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے۔ ایک موقع پر تو انگلینڈ کی ٹیم صرف 97 کے مجموعے پر اپنے سات ٹاپ آرڈر بلے بازوں سے ہاتھ دھو بیٹھی تھی تاہم بروڈ نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں اپنی ٹیم کے ٹوٹل کو 119 رنز تک پہنچایا۔ بروڈ کو ریاض نے 48 کے سکور پر ایل بی ڈبیلو آؤٹ کیا۔

وہاب ریاض کا، جنہیں پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ خصوصی قائداعظم ٹرافی میں بہتر کارکردگی دکھانے پر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا، کہنا ہے کہ جب سینیئر بولرز ٹیم میں شامل ہوں، تو کسی نوجوان کھلاڑی کو موقع ملنا مشکل ہوتا ہے اور اگر اسے موقع ملے تو پھر اسے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ’’پاکستان کی اے ٹیم میں بہترین کارکردگی میرے حوصلے میں زبردست تقویت کا باعث رہی۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کی اے ٹیموں کے خلاف حالیہ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر کا اعزاز ملنا شاید میری سلیکشن کا باعث بنا۔ اگلی بار میری کوشش ہو گی کہ دس کی دس وکٹیں حاصل کروں۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید