1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاکھوں دل بھی جیتے لیکن ہندو، مسلمان شدت پسند ناراض

شمشیر حیدر
14 فروری 2018

بھارت میں ملیالی کی ایک نئی فلم کے ایک گانے میں مقامی اداکارہ پریا پراکاش وریئر کی اداؤں پر مبنی ویڈیو کلپ وائرل ہو گیا ہے۔ اس گانے کی ویڈیو اب تک کروڑوں مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/2shkE
Twitter Priya Parkash Varrier
تصویر: Twitter/priyapvarrier

پریا پراکاش وریئر اس میوزک ویڈیو کے ایک حصے میں بڑے فطری انداز میں مرد اداکار کے ساتھ دل لبھانے والی اداؤں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

بھارتی ملیالی سنیما کی اس نئی رومانٹک مزاحیہ فلم کے لیے فلمائے گئے اس گانے میں پریا کی ان معصومانہ اداؤں پر مبنی کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

ویلنٹائن ڈے سے چند روز قبل ریلیز کیے گئے اس گانے کے وائرل ہو جانے کے بعد جہاں پریا کو لاکھوں نئے مداح ملے، وہیں ان کے خلاف بھارت کے ہندو اور مسلمان انتہا پسند بھی میدان میں آ گئے۔

بھارت میں بھی آر ایس ایس نامی انتہا پسند ہندوؤں کی تنظیم نے ملک میں ویلنٹائن ڈے منائے جانے کے خلاف مہم شروع کر رکھی تھی۔ ان ہندو قوم پرستوں نے پریا کی اس ویڈیو کو ویلنٹائن ڈے کی ترویج اور اس دن کے خلاف شروع کردہ آر ایس ایس کی مہم سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا۔

صرف ہندو قوم پرست ہی نہیں، بلکہ بھارت کی مسلمان آبادی سے تعلق رکھنے والے کئی افراد بھی پریا کی اس ویڈیو کے خلاف میدان میں آ گئے۔

بھارتی ریاست حیدر آباد میں کچھ مسلمان نوجوانوں نے مقامی پولیس کو ایک درخواست جمع کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ اس ملیالم فلم کے گانے اور اس دوران پریا کی اداؤں کے باعث کئی بھارتی مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

پریا پراکاش وریئر کی ان بہت فطری سی شرارتی اداؤں کے مداح صرف بھارت ہی میں نہیں، بلکہ سوشل میڈیا پر کئی پاکستانی بھی ان سے متاثر دکھائی دیے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ پریا نے مختصر دورانیے کے اس کلپ میں جتنے ایکسپریشن دیے، اتنے شاید قطرینہ کیف اپنے پوری فلمی کیریئر میں بھی نہ دے سکیں۔

بھارت کے کئی لبرل سیاست دانوں نے بھی پریا کا یہ کلپ شیئر کیا۔ بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے سیاست دان جگنیش میوانی نے ویلنٹائن ڈے کی مبارک دیتے ہوئے پریا کا کلپ شیئر کیا اور لکھا کہ آر ایس ایس کے ویلنٹائن ڈے کے خلاف احتجاج کا بہترین جواب یہ کلپ ہے۔