1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ایل چاپو‘ پھر چکمہ دے گیا

عدنان اسحاق13 جولائی 2015

منشیات کی دنیا میں’ایل چاپو‘ معروف ترین نام ہے۔ میکسیکو سے تعلق رکھنے والا یہ ’ڈرگ ڈیلر‘ دوسری مرتبہ جیل سے فرار ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Fxnk
تصویر: Reuters/PGR/Attorney General's Office

خوائکن گوزمان عرف ایل چاپو منشیات کا مطلوب ترین اسمگلر ہے اور یہ جس جیل سے فرار ہوا ہے، اس کا شمار میکسیکو کے انتہائی سکیورٹی کی سخت ترین قید خانوں میں ہوتا ہے۔ اس موقع پر امریکی حکام نے اپنے پڑوسی ملک کی انتظامیہ کو تعاون کی پیشش کی ہے۔ ایل چاپو سینالوآ نامی گینگ کا سربراہ بھی ہے اور اسے گزشتہ برس فروری میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ملکی صدر اینریکے پینیا نیتو نے اس واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ’’دنیا کے مطلوب ترین مجرم کا اس طرح سے ایک ایسے جیل سے فرار ہو جانا کہ جس کا شمار محفوظ ترین قیدخانوں میں ہوتا ہے، ملکی انتظامیہ کے لیے بڑی شرمندگی کا باعث ہے‘‘۔ پینیا نیتو آج کل فرانس کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر صدر نے مزید کہا کہ اس واقعے کی جامع انداز میں تحقیقات ہونی چاہیں اور اس میں ممکنہ طور پر ملوث جیل انتظامیہ کے اہلکاروں کا پردہ فاش کیا جائے۔ اس دوران سلامتی نافذ کرنے والے تمام ادارے خوائکن گوزمان کی تلاش میں ہیں۔

Joaquin Guzman Loera El Chapo Drogenboss Mexiko
ایل چاپو کا لفظی ترجمہ ’پستہ قد‘ ہے اور ایل چاپو کو یہ عرفیت اس کے چھوٹے قد کی وجہ سے ہی دی گئی ہےتصویر: picture-alliance/dpa/P. Valtierra

اس سے قبل وہ 2001ء میں بھی جیل توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اُس وقت وہ گندے کپڑے لے جانے والی گاڑی میں چھپ کا فرار ہوا تھا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایل چاپو شہر ایلمولویا دے خواریز کی ال ایلتی پلانو نامی جیل سے ایک خفیہ سرنگ کے ذریعے فرار ہوا، جو تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر طویل تھی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سرنگ ایک قریبی بستی سے ایل چاپو کی کوٹھری تک کھودی گئی تھی۔

امریکی وزیر انصاف لوریٹا لنچ کے مطابق ’’ واشنگٹن حکومت اس سلسلے میں اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے پر تیار ہے تاکہ منشیات کے اس سب سے بڑے تاجر کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے‘‘۔ ایل چاپو امریکا میں بھی منشیات فروشی اور منظم جرائم کے کئی واقعات میں مطلوب ہے۔

ایل چاپو کا لفظی ترجمہ ’پستہ قد‘ ہے اور ایل چاپو کو یہ عرفیت اس کے چھوٹے قد کی وجہ سے ہی دی گئی ہے۔ خوائکن گوزمان عرف ایل چاپو کے حوالے سے بہت کہانی موجود ہیں اور اس کی اصل عمر بھی کا بھی علم نہیں ہے۔