1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک سال سے کم عمر بچوں کے لیے مچھلی مفید

Kishwar Mustafa1 جون 2012

طبی ماہرین کی ایک تازہ ترین ریسرچ کے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ ایسے بچے جو اپنی پہلی سالگرہ سے پہلے ہی مچھلی کھانا شروع کر دیتے ہیں اُن کے اندر الرجیز کے خطرات کم ہوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/155ye
تصویر: Fotolia/Dimitrios

سویڈن کے محققین نے چار سال تک کی عمر کے تین ہزار بچوں پر یہ تجربہ کیا۔ ان بچوں کی غذا میں مچھلی اُس وقت سے شامل تھی جب وہ 12 ماہ کے بھی نہیں تھے۔ ان طبی ماہرین کے مطابق مچھلی کھانے والے ان تمام بچوں میں دمے، الفی یا ناک سے جنم لینے والی الرجی یا جلد کی الرجی جیسے ایگزیما وغیرہ کے امکانات بہت کم پائے گئے۔

طبی جریدے ’جرنل الرجی‘ میں چھپنے والی اس رپورٹ سے تاہم یہ پتہ چلا ہے کہ بہت کم عمری میں بچوں کو مچھلی کھلانے سے اُن کے اندر الرجی کے خلاف قوت مدافعت مضبوط ہوتی ہے اس وجہ سے مختلف اقسام کی الرجیز کے امکانات بہت کم رہ جاتے ہیں۔ تاہم یہ تحقیق یہ نہیں بتاتی کہ مچھلی کا عمومی استعمال براہ راست اس طرح کے مسائل سے بچاتا ہے۔

Deutschland Baby mit Milchflasche
شیر خواری کی عمر سے ہی بچے کی ٹھوس متوازن غذا نہایت اہم ہوتی ہےتصویر: Fotolia/st-fotograf

چربی یا شحمی تیزاب ’فیٹی ایسڈ‘ سے بھرپور Omega 3 مچھلی کے اندر بکثرت پایا جاتا ہے جو بچوں کے ’امیون سسٹم‘ یا قوت مدافعت کو مضبوط بنانے میں نہایت مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ Omega 3 فیٹ میں سوزش اور ورم کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کی خصوصیت پائی جاتی ہے اس لیے اس کا استعمال الرجی سے بھی بچاتا ہے۔ جرمنی کی آنکھ ناک اور گلے کے امراض کے ڈاکٹروں کی فیڈریشن سے منسلک ایک ماہر ’سلویا شنٹسر‘ کا کہنا ہے کہ ایسے بچے جن کی مائیں دوران زچگی مچھلی زیادہ کھاتی ہیں، اُن کے بچوں کے اندر الرجی کے خطرات دیگر بچوں کے مقابلے میں کم ہوتے ہیں۔ وہ بچے بھی الرجی سے کافی حد تک محفوظ رہتے ہیں جن کی پیدائش کے بعد انہیں پہلے سال ہی مچھلی کھلائی جاتی ہے۔

بچوں کی غذا میں مچھلی کی شمولیت سے متعلق یہ انکشافات تازہ ترین ریسرچ کے بعد سامنے آئے ہیں۔ نومولود بچوں کے والدین کے لیے ماہرین کا ایک عمومی مشورہ یہ ہے کہ بچے کو پیدائش کے بعد پہلے چھ ماہ تک ماں کا دودھ دیا جائے اور ساتویں ماہ سے ٹھوس غذا شروع کی جانی چاہیے جس میں مختلف سبزیوں اور مچھلی کو فوقیت دی جائے۔

Ernährung Schwangerschaft
حاملہ خواتین کو اپنی غذائی عادات کا خاص خیال رکھنا چاہیےتصویر: picture-alliance/Helga Lade

ایک اور ریسرچ سے پتہ چلا ہے کہ دوران زچگی زیادہ سیب کھانے والی ماؤں کے بچوں کے اندر سانس کی تکلیف اور دمے کے مرض کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین نے حاملہ خواتین کی غذائی عادات کے ان کے بچوں کی صحت پر پڑنے والے اثرات سے متعلق جو ریسرچ کی اُس کے نتائج بتاتے ہیں کہ سیب اور مچھلی کا دوران حمل استعمال نہ صرف ماؤں بلکہ بچوں کے لیے نہایت صحت افزا ثابت ہوتا ہے۔ تاہم امریکا کی ’فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن‘ FDA نے حاملہ اور نومولود بچوں کی پرورش کرنے والی ماؤں کو زمانہ قدیم میں پائی جانے والی مچھلیوں کی چند اقسام سے خبر دار کیا ہے۔ ان میں شارک، سورڈفش یا خار ماہی، ٹیل فش یا بحیرہ اقیانوس میں پائی جانے والی چمکدار فلس والی خوردنی مچھلی اور میکیرل فش شامل ہے۔

km/sks(ap)