1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائرن ميونخ کے کپتان اے سی ميلان ميں شامل ہوگئے

27 جنوری 2011

جرمنی کے معروف فٹ بال کلب بائرن ميونخ کی ٹیم کے کپتان مارک فان بومل نے کل منگل سے اطالوی فٹ بال کلب اے سی ميلان کے لیے فٹ بال کھیلنا شروع کر ديا ہے۔ بائرن ميونخ سے ان کا معاہدہ ختم ہونے ميں چار ماہ باقی ہيں۔

https://p.dw.com/p/105b0
بائرن ميونخ فٹ بال ٹيمتصویر: dapd

بائرن ميونخ فٹ بال کلب کے چيئرمين کارل ہائنس رومينیگے نے اس بارے میں کہا: ’’مارک کی يہی خواہش تھی کہ انہيں معاہدہ ختم ہونے سے پہلے ہی رخصت دے دی جائے تاکہ وہ فوراً اے سی ميلان کی ٹیم ميں شامل ہو سکيں۔ مارک ہميشہ ہی سے ايک مثالی پيشہ ور کھلاڑی رہے ہيں۔ وہ بائرن ميونخ کے ايک اہم اور کامياب کھلاڑی اور ايک بہت اچھے کيپٹن بھی تھے۔‘‘

بائرن ميونخ نے اپنی ٹیم کے کپتان کا کلب سے معاہدہ قبل از وقت ختم ہو جانے کے بارے ميں کسی قسم کی تفصيلات نہيں بتائيں، ليکن اطلاعات کے مطابق چونکہ فان بومل کا معاہدہ اسی سيزن کے آخر ميں ختم ہی ہونے والا تھا، اس لیے اے سی ميلان کلب کو اُن کی منتقلی کسی رقم کی ادائيگی کے بغير ہی ہوئی ہے۔

Fußball Bundesliga Wolfsburg München Flash-Galerie
بائرن ميونخ ٹيم ميچ کے دورانتصویر: dapd

فٹ بال کی دنيا کی خبروں کے لیے مشہور جرمنی کے بلڈ نامی روزنامے کے مطابق بائرن ميونخ کے کوچ فان گال اور اُس کے کپتان فان بومل کے درميان تعلقات انتہائی پست سطح تک پہنچ گئے تھے اور بومل نے ايک انٹرويو ميں يہ تسليم بھی کيا ہے کہ اُنہوں نے فان گال سے الوداعی ملاقات تک بھی نہيں کی۔ فان بومل کو يہ انديشہ تھا کہ وہ جرمنی کی قومی فٹ بال چيمپیئن شپ بنڈس ليگا کے سيزن کا آخری نصف حصہ زيادہ تر ميدان سے باہر بينچ پر گذاريں گے اور وہ فان گال کے ٹیم پلان کے لیے غير موزوں ہو جانے کے بعد کپتان بھی نہيں رہ سکيں گے۔

Flash-Galerie Fussballrückblick 2010
مارک فان بومل، انتہائی دائيں طرفتصویر: picture-alliance / Pressefoto ULMER/Markus Ulmer

ڈچ شہريت رکھنے والے فان بومل نے چھ ملين يورو کے معاہدے کے تحت سن 2006 ميں اسپين کے بارسلونا فٹ بال کلب کو چھوڑ کر بائرن ميونخ کے لیے کھيلنا شروع کيا تھا۔ اُنہوں نے بائرن ميونخ کی طرف سے 123 ميچ کھيلے، جن ميں انہوں نے11 گول کیے۔ اُنہوں نے بائرن ميونخ فٹ بال کلب کو دو مرتبہ قومی چيمپيئن شپ دلائی اور دوسرے کپ بھی جيتے۔ 33 سالہ فان بومل نے کہا: ’’ميں بائرن ميونخ کو چھوڑتے وقت اداس تو ہوں مگر ميرا سر اونچا ہے۔ ميں نے يہاں ساڑھے چار سال بہت کاميابی سے گذارے ہيں اور ميں کلب اور اپنے مداحوں کا شکريہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ بائرن ميونخ کے لیے ميرے دل ميں ہميشہ جگہ رہے گی۔‘‘

فان بومل نے کہا کہ اے سی ميلان فٹ بال کلب نے اتوار کو ان کے ايجنٹ سے رابطہ کيا تھا اور اس کے بعد معاملات بڑی تيزی سے طے ہو گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا: ’’ميری صورتحال ايسی تھی کہ اے سی ميلان کے لیے فٹ بال کھیلنے کا آغاز کرنا ميرے لیے کوئی مشکل فيصلہ نہيں تھا۔ مجھے اس پر فخر ہے کہ وہ مجھے لينا چاہتے تھے۔‘‘

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: مقبول ملک