1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بجٹ تقریر کے دوران عوامی نمائندوں کا زبردست احتجاج

3 جون 2011

پاکستان میں حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے 849 ارب روپے خسارے کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے، جو جی ڈی پی یعنی قومی مجموعی پیداوار کا 4 فیصد بنتا ہے۔ موجودہ بجٹ گزشتہ سال کی نسبت 14.2 فیصد زائد ہے۔

https://p.dw.com/p/11TuD
وزیرخزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ
وزیرخزانہ عبد الحفیظ شیختصویر: AP

یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال کے لیے بجٹ کا کل حجم 2768 ارب روپے ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ نے نئے مالی سال کے لیے بجٹ کی منظوری دی۔ یہ حکمران پیپلز پارٹی کا چوتھا بجٹ تھا۔ جمعے کی شام قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ بے شمار چیلنجز کے باوجود حکومت نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال اور سیلاب نے پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

اس موقع پر اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں زبردست احتجاج کیا اور ’جھوٹ بولنا بند کرو‘، ’امریکہ اور آئی ایم ایف کا بجٹ نا منظور‘ کے نعرے بھی لگائے۔

بجٹ اعداد و شمار کے مطابق نئے مالی سال میں دفاع کی مد میں 495 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے فوج کے لیے 493 ارب روپے جبکہ وزارت دفاع کےلیے ڈیڑھ ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

پاکستان میں جگہ جگہ غربت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اپوزیشن نے موجودہ بجٹ کو غریب دشمن قرار دیا ہے
پاکستان میں جگہ جگہ غربت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اپوزیشن نے موجودہ بجٹ کو غریب دشمن قرار دیا ہےتصویر: AP

آئندہ مالی سال کے وفاقی محصولات کا ہدف 1952 ارب روپے جبکہ غیر محصولاتی آمدنی کا تخمینہ 657 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ بجٹ میں ایوان صدر کے لیے 47 کروڑ 39 لاکھ روپے جبکہ وزیراعظم ہاؤس کے لیے 54 کروڑ 65 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 730 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ قرضوں کی ادائیگی کے لیے 790 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت مالیاتی استحکام کے تسلسل کے لیے افراط زر کو کم سے کم سطح پر لائے گی اور غیر ضروری زر تلافی ختم کی جائے گی۔ اپنی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وسائل میں اضافہ ایک وسیع مساویانہ مستحکم نظام وضع کر کے کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی ، اسلام آباد
قومی اسمبلی ، اسلام آبادتصویر: Abdul Sabooh

قومی اسمبلی کی اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی زیرصدارت ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 6 سے 14 جون تک بجٹ پر بحث ہوگی اور 24 جون کو بجٹ منظور کیا جائے گا۔

ادھر حکومتی اراکین نے بجٹ کو عوام دوست اور موجودہ حالات میں متوازن قرار دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے دستیاب وسائل میں ایک عوامی بجٹ پیش کیا۔

دوسری جانب اپوزیشن اراکین کا کہنا ہے کہ بجٹ غریب دشمن اور ہمیشہ کی طرح محض الفاظ کا گورکھ دھندہ تھا۔

سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے بھی موجودہ مہنگائی کی صورتحال میں تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف قرار دیا ہے۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں