1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بحیرہ جنوبی چین میں جو چاہیں کریں گے‘، امریکا کو چینی جواب

امجد علی31 مئی 2015

سنگاپور میں اپنے اختتام کو پہنچنے والے ایک اعلیٰ سطحی سہ روزہ اجلاس میں چین نے بحیرہٴ جنوبی چین کے حوالے سے امریکی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ سلامتی کے موضوع پر یہ سالانہ سکیورٹی سمٹ شانگریلا ڈائیلاگ بھی کہلاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FZd6
IISS-Sicherheitskonferenz Shangri-La-Dialog
چینی ایڈ مرل سُن جِیانگُوؤ، جو پیپلز لبریشن آرمی میں ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف ڈیپارٹمنٹ ہیں، سمٹ میں شرکت کے لیے آئے ہوئے جاپانی وفد کے ارکان سے مل رہے ہیںتصویر: Reuters/E. Su

ایشیا اور بحرالکاہل کے ملکوں کے نمائندوں کا یہ سالانہ اجلاس اتوار کی دوپہر کو سنگاپور کے شانگریلا ہوٹل میں اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ سب سے پہلے اس سمٹ کا انعقاد سن 2002 میں سنگاپور کے اسی ہوٹل میں ہوا تھا اور اسی مناسبت سے اسے شانگریلا ڈائیلاگ بھی کہا جاتا ہے۔ اس بار اپنی نوعیت کے اس چودہویں اجلاس میں امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر سمیت دنیا کے چھبیس ملکوں کے وزرائے دفاع اور سرکردہ فوجی افسران نے شرکت کی۔

اتوار کو آخری روز کے سیشن میں چین نے ان امریکی مطالبات کو مسترد کر دیا کہ چین کو بحیرہٴ جنوبی چین میں مصنوعی طریقے سے جزائر کے رقبے کو وسعت دینے کا کام روک دینا چاہیے۔ چینی ایڈ مرل سُن جِیانگُوؤ نے، جو پیپلز لبریشن آرمی میں ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف ڈیپارٹمنٹ ہیں، کہا کہ چین محض اپنی علاقائی حاکمیت کو بروئے کار لا رہا ہے اور یہ کہ بحیرہٴ جنوبی چین میں حالات مجموعی طور پر پُر امن اور مستحکم ہیں۔

Ashton Carter Shangri-La Dialogue in Singapur
امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے مطالبہ کیا تھا کہ بحیرہٴ جنوبی چین میں ملکیت کے دعوے کرنے والے تمام ممالک کو وہاں موجود جزائر کے رقبے کو مصنوعی طریقے سے وسعت دینے کا عمل فوری طور پر روک دینا چاہیےتصویر: picture-alliance/ZUMA Press

ایڈ مرل سُن جِیانگُوؤ نے کہا کہ چین نے بحیرہٴ جنوبی چین کے کچھ جزائر کے رقبے کو مصنوعی طریقے سے محض اس لیے وسعت دی ہے تاکہ ان جزائر کی حالت مستحکم اور وہاں متعینہ چینی عملے کی زندگی بہتر بنائی جا سکے۔ اُنہں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ان اقدامات کا مقصد یہ بھی ہے کہ چین آئندہ سمندروں میں ہنگامی حالات کی صورت میں تلاش اور امدادی آپریشنز کے سسلسلے میں اپنی بین الاقوامی ذمے داریاں بہتر طریقے سے انجام دے سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ مصنوعی طریقے سے وسیع کیے جانے والے یہ جزائر بحری حیات پر سائنسی تحقیق، آب و ہوا کے مشاہدے اور ماحولیاتی تحفظ وغیرہ کے سلسلے میں بھی مدد دیں گے۔

چین کا موقف یہ ہے کہ تقریباً پورا بحیرہٴ جنوبی چین اُس کی حاکمیت اعلیٰ کے دائرے میں آتا ہے۔ دنیا بھر کے بحری جہازوں کے لیے بحیرہٴ جنوبی چین ایک اہم آبی گزرگاہ ہے، جس کی تہہ میں تیل اور گیس کے وسیع ذخائر موجود ہونے کا بھی قوی امکان ہے۔ تاہم خطّے کے دیگر ممالک بھی اس سمندر پر اپنا حق جتاتے ہیں اور چین پر توسیع پسندی کا الزام عائد کرتے ہیں۔

ابھی ایک روز قبل اسی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے مطالبہ کیا تھا کہ بحیرہٴ جنوبی چین میں ملکیت کے دعوے کرنے والے تمام ممالک کو وہاں موجود جزائر کے رقبے کو مصنوعی طریقے سے وسعت دینے کا عمل فوری طور پر روک دینا چاہیے۔ کارٹر نے یہ بھی کہا تھا کہ ان متنازعہ پانیوں میں چین جس طرزِ عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، وہ بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کے منافی ہے اور یہ کہ امریکا اس سمندر میں فوجی موجودگی میں مزید اضافے کی مخالفت کرتا ہے۔

Südchinesisches Meer Sand Cay Reef
یہ ایک ہی جزیرے کی تصویر ہے، اس موازنے سے پتہ چلتا ہے کہ بحیرہٴ جنوبی چین میں جزائر کے رقبے کو کیسے مصنوعی طریقے سے وسعت دی جا رہی ہےتصویر: CSIS Asia Maritime Transparency Initiative/DigitalGlobe

ایشٹن کارٹر نے کہا تھا کہ ملکیت کے دعوے کرنے والے خطّے کے دیگر ممالک نے بھی اس سمندر میں مختلف سائز کے فوجی اڈے یا مراکز تعمیر کیے ہیں لیکن چین کی سرگرمیاں ان تمام ممالک کی مجموعی سرگرمیوں سے بھی کہیں زیادہ ہیں، جس نے صرف ڈیڑھ برس کے اندر اندر مصنوعی طریقے سے ان جزائر کے رقبے میں دو ہزار ایکڑ کا اضافہ کیا ہے۔

رواں مہینے چینی فوج نے انتہائی متنازعہ سپریٹلی جزائر کے قریب امریکی نیوی کے ایک جاسوس طیارے پی ایٹ پوسائیڈن کو اس علاقے سے نکل جانے کا حکم دے دیا تھا، تاہم امریکی طیارے نے اس حکم کو نظر انداز کر دیا تھا۔ امریکی وزیر دفاع کارٹر نے ہفتے کے روز سنگاپور منعقدہ اس اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ امریکا کے بحری اور ہوائی جہاز آئندہ بھی بحیرہٴ جنوبی چین میں گشت جاری رکھیں گے کیونکہ امریکا کی نظر میں یہ سمندر بین الاقوامی پانیوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔

شانگریلا ڈائیلاگ نامی اس سمٹ میں شریک دیگر رہنماؤں نے، جن میں میزبان سنگاپور کے وزیر دفاع اِنگ اَین ہَین اور اُن کے برطانوی ہم منصب مائیکل فیلن کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کے امورِ خارجہ کی سربراہ فیدیریکا موگرینی بھی شامل تھیں، چین اور دَس رُکنی آسیان تنظیم کے رکن ملکوں پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد متنازعہ پانیوں کے لیے کوئی ’ضابطہٴ اخلاق‘ اپنائیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید