1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: اب شالکے پہلے نمبر پر

13 مارچ 2010

جرمنی میں فٹ بال کی فیڈرل لیگ بنڈس لیگا کے 26 ویں میچ ڈے کے دوران جمعہ کی شام کو کھیلے گئے ایک میچ میں کامیابی کے بعد شالکے کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آ گئی۔

https://p.dw.com/p/MRq3
دوسرے ہاف کے شروع میں شالکے کے برازیل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ایڈو نے ایک گول کر دیاتصویر: AP

یہ میچ شٹٹ گارٹ کی ٹیم کے خلاف تھا جو شالکے نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیتا۔ شٹٹ گارٹ کے ‌خلاف شالکے کی جیت بنڈس لیگا میں اس ٹیم کی گزشتہ تین میچوں میں مسلسل تیسری کامیابی تھی اور ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچوں میں مسلسل آٹھویں فتح۔ شالکے کی ٹیم اب تک 26 میچوں میں 54 پوائنٹس حاصل کر چکی ہے جبکہ بائرن میونخ کی ٹیم جو جمعہ کی شام تک اپنے 53 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر تھی، اب ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

لیکن ہو سکتا ہے کہ شالکے کی ٹیم کو بنڈس لیگا میں سب سے زیادہ پوائنٹس کے ساتھ اول نمبر کی ٹیم بننے کا جو اعزاز حاصل ہوا، وہ ایک عارضی خوشی ثابت ہو کیونکہ بائرن میونخ کی ٹیم کا 26 ویں میچ ڈے ہی کا ایک مقابلہ آج ہفتہ کو میونخ میں فرائی برگ کے ساتھ ہو رہا ہے۔ اس میچ میں کامیابی کی صورت میں بائرن میونخ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ سب سے آگے آ جائے گی۔

bundesliga Schalke Stuttgart Flash-Galerie
کیون کورانی بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں اپنا 14 واں گول کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

شالکے کے شٹٹ گارٹ کے خلاف میچ کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ پھر دوسرے ہاف کے شروع میں ہی شالکے کے برازیل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ایڈو نے ایک شاندار گول کر دیا، جو شٹٹ گارٹ سے آنے والی مہمان ٹیم کے دفاعی کھلاڑی سردار تاشی کی ایک بڑی غلطی کی وجہ سے ممکن ہوا۔ میچ کا دوسرا گول شالکے کے سٹار کھلاڑی اور جرمن قومی ٹیم کے فارورڈ کیون کورانی نے کھیل کے 55 ویں منٹ میں کیا، جو بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں ان کا اب تک کا 14 واں گول تھا۔

شٹٹ گارٹ کے خلاف شالکے کی دو صفر سے فتح کو یقینی بنانے والے اپنے گول کے بعد کیون کورانی اب بنڈس لیگا میں بائر لیورکوزن کی ٹیم کے شٹیفان کیسلنگ کے برابر آ گئے ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی اپنے چودہ چودہ گولوں کے ساتھ بنڈس لیگا میں اب تک کے ٹاپ سکورر ہیں۔

آئندہ ہفتوں میں شالکے کی ٹیم کو بنڈس لیگا میں اپنی جن بڑی حریف ٹیموں کے خلاف میچ کھیلنا ہیں، ان میں ہیمبرگ، بائر لیورکوزن اور بائرن میونخ بھی شامل ہیں۔ اسی لئے شٹٹ گارٹ کے خلاف اپنی ٹیم کی فتح کے بعد شالکے کے کوچ فیلکس ماگاتھ نے کہا کہ جمعہ کی شام شالکے کی کامیابی اس عرصے کا بہترین آغاز ہے، جو ان کی ٹیم اور جرمن فیڈرل لیگ کے موجودہ سیزن میں اس کی حتمی پوزیشن کے تعین کے لئے ’سچائی کے ہفتے‘ ثابت ہوں گے۔

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید