1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا : لیورکوزن کے خلاف ڈورٹمنڈ کی شاندار فتح

15 جنوری 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 18 ویں میچ ڈے کے جمعہ کی شام کھیلے گئے میچ میں لیگ کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ نے میزبان لیورکوزن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/zxpk
تصویر: AP

میچ کی خاص بات ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی کیون گروسکروئٹس کے دو شاندار گول تھے۔ ڈورٹمنڈ کی طرف سے تیسرا گول ٹین ایجر ماریو گیوٹسے نے کیا۔

میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ ڈورٹمنڈ کی طرف سے لیورکوزن کے گول پر چند خطرناک حملے کئے گئے تاہم خوش قسمتی نے ڈورٹمنڈ کا پہلے ہاف میں ساتھ نہ دیا۔ پہلے ہاف میں لیورکوزن کا کھیل خاصا منجھا ہوا دکھائی دیا اور پوری ٹیم نے ڈورٹمنڈ کے کھلاڑیوں کے درمیان گٹھ جوڑ کامیاب نہ ہونے دیا، تاہم کھیل کا دوسرا ہاف لیورکوزن کے لئے تباہ کن رہا۔ دوسرے ہاف کے 50 ویں منٹ میں ڈورٹمنڈ کی طرف سے پہلا گول کیا گیا اور اگلے چھ منٹوں میں مزید دوگول کر کے کھیل کی صورتحال یکسر بدل کر رکھ دی گئی۔

لیورکوزن کی جانب سے کھیل کے آخری لمحات میں شٹیفان کیسرلنگ نے گول کیا تاہم یہ گول کھیل میں کوئی زیادہ تبدیلی کا باعث نہ بن سکا۔

بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر پہلے سے سرفہرست ٹیم ڈورٹمنڈ اب 46 پوائنٹس کے ساتھ اپنی پوزیشن اور بھی مستحکم کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم پوائنٹس میں اپنے سے کم مائنز اور لیورکوزن سے اب 13 پوائنٹس کا فرق حاصل کر چکی ہے۔

Flash-Galerie Fußball-Bundesliga Dortmund Leverkusen 14.01.2011
لیورکوزن کے کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں بہترین کھیل پیش کیاتصویر: AP

پوائنٹس ٹیبل پر مائنز اور لیورکوزن 33 پوائنٹس تاہم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں۔ لیگ میں چوتھی پوزیشن ہینوور جبکہ پانچویں پوزیشن دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کو حاصل ہے۔

اٹھارہویں میچ ڈے کے سلسلے میں آج نیورمبرگ کا مقابلہ میونشن گلاڈباخ سے ہو رہا ہے جبکہ سینٹ پاؤلی کی ٹیم فرائی برگ کے مدمقابل آ رہی ہے۔ اس کے علاوہ مائنز کا میچ شٹٹ گارٹ، وولفس برگ کا مقابلہ بائرن میونخ، ہوفن ہائم کا میچ بریمن اور شالکے کا مقابلہ ہیمبرگ سے ہو رہا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں