1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن پینٹر گیرہارڈ ریشٹر کی آئل پینٹنگ ریکارڈ قیمت میں نیلام

14 اکتوبر 2012

جرمن مصور گیرہارڈ ریشٹرکی ایک آئل پینٹنگ لندن کے ایک نیلام گھر میں 34.2ملین ڈالر کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوئی ہے۔ ریشٹر کی کسی بھی پینٹنگ کی لگائی جانے والی یہ سب سے زیادہ قیمت ہے۔

https://p.dw.com/p/16Phn

جرمن مصور گیرہارڈ ریشٹر کی ایک آئل پینٹنگ لندن کے ایک نیلام گھر میں 34.2ملین ڈالر کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوئی ہے۔ ریشٹر کی کسی بھی پینٹنگ کی لگائی جانے والی یہ سب سے زیادہ قیمت ہے۔

Gerhard Richter: Retrospektive in Düsseldorf
جرمن مصور گیرہارڈ ریشٹرتصویر: picture-alliance/dpa

اس تجریدی آئل پینٹنگ کے مالک برطانوی روک اسٹار ایرک کلپٹن نے لندن کے Sotheby نیلام گھر میں اسے فروخت کیا۔ کسی بھی زندہ فنکار کی کوئی بھی پینٹنگ ابھی تک اتنی زیادہ قیمت میں فروخت نہیں ہوئی۔ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ تین رنگوں کے امتزاج سے کینوس پر اتاری گئی یہ تجریدی پینٹنگ پندرہ ملین ڈالر کی قیمت میں فروخت ہو سکتی ہے، لیکن یہ اندازوں سے کہیں زیادہ قیمت میں نیلام ہوئی۔

جمعہ کے دن Abstraktes Bild نامی یہ تصویر پانچ منٹ کی بولی کے دوران ہی خرید لی گئی۔ یہ بولی ٹیلی فون پر لگائی گئی تھی، جس میں آرٹ سے محبت کرنے والے تین نامعلوم افراد نے حصہ لیا تھا۔ اس سے قبل کسی زندہ آرٹسٹ کی پینٹنگ کی لگائی جانے زیادہ سے زیادہ بولی 28.6 ملین ڈالر تھی۔ سال دو ہزار دس میں جیسپر جونز کی ’فلیگ‘ نامی یہ تصویر نیویارک کے کریسٹی نیلام گھر میں فروخت ہوئی تھی۔

موسیقی کی دنیا میں شہرت کے حامل راک اسٹار ایرک کلپٹن فن پاروں کو جمع کرنے کے حوالے سے بھی مشہور ہیں۔ برطانیہ کے سترہویں امیر ترین موسیقار ایرک کلپٹن نے 2001ء میں اس اور دیگر دو پینٹنگز کے لیے 2.6 ملین یورو کی قیمت ادا کی تھی۔ 1994ء میں تخلیق کی گئی گیرہارڈ ریشٹر کی اس پینٹنگ کو ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کی معراج کہا جاتا ہے۔

Flash-Galerie Eric Clapton
برطانوی راک اسٹار ایرک کلپٹنتصویر: AP

اس پینٹنگ کی نیلامی سے قبل Sotheby نیلام گھر کے ایک اعلیٰ اہلکار Alex Branczik نے اس پینٹنگ کو گیرہارڈ ریشٹر کا بہترین تجریدی فن پارہ قرار دیا۔ ’’یہ پینٹنگ گیرہارڈ ریشٹر کی فلسفیانہ اور پختہ فنکارانہ صلاحیتوں کی ایک عمدہ مثال ہے۔‘‘

گیرہارڈ ریشٹر مغربی جرمن شہر ڈریسڈن میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی زندگی سابقہ کمیونسٹ مشرقی جرمنی میں بسر کی۔ تاہم وہ دیوار برلن کی تعمیر سے قبل 1961ء میں مغربی جرمنی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ریشٹر آج کل کولون شہر میں سکونت پذیر ہیں۔ ان کا شمار دنیا کے بہترین پینٹرز میں ہوتا ہے۔

( ab /shs (dpa, AFP, DAPD