1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوئے میں جیک پاٹ نے جرمن جواری کو جیل سے بچا لیا

عاطف توقیر26 ستمبر 2014

جرمنی میں ایک جوئے خانے میں معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس کو ایک مطلوب شخص نظر آیا، تاہم پولیس اہلکاروں کی نظروں کے سامنے اس شخص نے مشین سے رقم جیت کو پولیس کو جرمانہ تھمایا اور چلتا بنا۔

https://p.dw.com/p/1DLGo
تصویر: picture-alliance/dpa/Arne Dedert

اطلاعات کے مطابق جرمن شہر بوخم میں اس جواری کو 710 یورو جرمانہ ادا کرنے یا گرفتاری دینے کے احکامات موجود تھے۔ گزشتہ ہفتے پولیس اہلکار اپنے معمول کے گشت کے دوران ایک جوئے خانے میں پہنچے تو وہاں انہیں یہ جواری نظر آ گیا، جو ایک جوئے کی مشین پر قسمت آزمائی کر رہا تھا۔

پولیس اہلکاروں نے اس شخص کو حکم دیا کہ وہ فوری طور پر جرمانہ ادا کرے ورنہ اسے گرفتار کر لیا جائے گا اور اسے 71 روز تک جیل میں رہنا ہو گا۔ تاہم حکام کے مطابق جب پولیس اہلکاروں نے اس جواری سے یہ بات کی، ٹھیک اسی وقت میشن پر ’جیک پاٹ‘ کی بتیاں جلنا بجھنا شروع ہو گئیں، جو یہ بتا رہی تھیں کہ یہ جواری ایک ہزار یورو جیت گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مشین نے جیت کی رقم اگلنا شروع کر دی۔

Spiel-Automaten im Casino Atlantis
پولیس کے دیکھتے ہی دیکھتے مشین نے پیسوں کے ڈیر لگا دیےتصویر: picture-alliance/dpa

پولیس کے مطابق اس 37 سالہ جواری نے موقع پر ہی اہلکاروں کو نقد جرمانہ ادا کر کے اپنی یقینی گرفتاری بچا لی۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو پیش آیا۔ یہ شخص جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے پر پولیس کو مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے گئے تھے۔

ڈی پی اے کے مطابق سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں نے اس شخص کو جوئے خانہ میں دیکھا اور شناخی کارڈ طلب کیا، جس سے معلوم ہوا کہ اس شخص کو 710 یورو جرمانہ ادا کرنا ہے اور عدم ادائیگی پر 71 روز تک جیل کی ہوا کھانا ہو گی۔

تاہم ایک ایسے موقع پر جب جوئے خانے میں ایک مشین کے سامنے بیٹھے اس شخص کو پولیس کی گاڑی کی طرف لے جایا جانا تھا، مشین نے اس شخص کا جیک پاٹ نکال کر اسے ایک ہزار یورو جتوا دیے۔ بعد ازاں یہ شخص سینہ پھلا کر نہ صرف اپنے ذمے جرمانے کی پوری رقم نقد ادا کرنے میں کامیاب رہا بلکہ حوالات جانے کی بجائے ایک آزاد شہری کی طرح جوئے خانے سے باہر نکلا۔