1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

حماس اسرائیل کے ساتھ یرغمالیوں کی ڈیل جلد مکمل کرے، عباس

14 فروری 2024

فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے فلسطینی عسکری تنظیم حماس پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ یرغمالیوں کی ڈیل کو جلد از جلد حتمی شکل دے تاکہ عام شہریوں کو اسرائیلی حملوں سے بچایا جا سکے۔

https://p.dw.com/p/4cOjk
Nahostkonflikt | Israelische Panzer im Gazastreifen
تصویر: Ariel Schalit/AP Photo/picture alliance

فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق رفح کے علاقے میں کسی بڑی اسرائیلی عسکری کارروائی اور ممکنہ طور پر مزید شہری ہلاکتوں کے تناظر میں صدر محمود عباس نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدے کو جلد از جلد طے کیا جائے۔

اسرائیل اپنے عائد کردہ الزامات ثابت کرے، یو این آر ڈبلیو اے

حماس کی طاقت آدھی رہ گئی ہے، اسرائیل

غزہ میں مواصلاتی نظام منقطع، امدادی سرگرمیاں متاثر

فلسطینی خود مختار انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے کہا کہ رفح میں اس وقت لاکھوں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں اور وہاں کسی اسرائیلی حملے کی صورت میں ہزاروں افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب اسرائیلی حکومت رفح کے علاقے میں بڑی عسکری کارروائی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ حماس کے باقی ماندہ جنگجو اسی علاقے میں ہیں۔ تاہم غزہ پٹی کے انتہائی جنوبی علاقے رفح میں اس وقت ایک اعشاریہ تین ملین فلسطینی شہری موجود ہیں۔ غزہ میں جنگ سے قبل اس علاقے کی آبادی تین لاکھ تھی، تاہم اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں کے آغاز کے بعد سے تقریباﹰ ایک ملین بے گھر فلسطینی اس علاقے میں پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش، امریکی حکومت اور جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے بھی اسرائیل سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ پٹی کے اس علاقے پر عسکری حملے سے گریز کے۔

حماس کے نمائندے قاہرہ میں

قاہرہ میں دوسرے روز بھی مذاکرات کار  اسرائیل اور حماس کے مابین جنگروکنے کے لیے بات چیت میں مصروف ہیں۔ مصری ثالثوں کی کوشش ہے کہ کسی طرح رفح میں اسرائیلی عسکری کارروائی سے قبل کسی ڈیل تک پہنچا جائے۔

حماس کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ اسی تناظر میںحماس کے مذاکرات کاروں نے مصری اور قطری ثالثوں سے قاہرہ میں ملاقاتیں کی ہیں۔ منگل کو اسرائیلی مذاکرات کاروں نے بھی قاہرہ میں قطری اور مصری وفود سے گفتگو کی تھی۔

Gazastreifen Rafah Flüchtlinge
رفح کے علاقے میں ایک ملین سے زائد افراد پناہ لیے ہوئے ہیںتصویر: MOHAMMED ABED/AFP

گزشتہ روز اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا اور امریکہ خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز بھی اس مذاکراتی عمل میں شامل رہے۔ امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کِربی نے ان مذاکرات کو 'تعمیری اور درست سمت میں گامزن‘ قرار دیا۔

اسی دوران ترک صدر رجب طیب ایردوآن بھی بدھ کے روز قاہرہ پہنچے ہیں، جہاں وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کر رہے ہیں۔

غزہ میں فائر بندی، متاثرین سکون کا سانس لینے لگے

لبنان میں اسرائیلی حملے

بدھ کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں دو بچوں سمیت چار افراد ہلاک جب کہ نو دیگر زخمی بھی ہو گئے۔ اسرائیل نے ان کارروائیوں کو لبنان میں حملوںکے سلسلے کا آغاز قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے سرحد کے دس سے پچیس کلومیٹر کے آس پاس کے علاقے میں یہ کارروائیاں مختلف مقامات پر کی گئیں۔

یہ اسرائیلی حملے ایک ایسے موقع پر ہوئے ہیں، جب کہلبنان سے داغے گئے ایک راکٹ کی زدمیں آ کر سات اسرائیلی شہری زخمی ہو گئے تھے۔ یہ بات اہم  ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے دہشت گردانہ حملے اور پھر اسرائیل کی جوابی کارروائیوں کے بعد سے لبنان کی سرحد پر شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپیں تواتر سے دیکھی گئی ہیں۔

ع ت /  ک م، م م (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)