1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواجہ سراؤں کی لاش کو ’دو گز زمین‘ بھی مشکل سے مّیسر

فرید اللہ خان/ پشاور28 مئی 2016

پاکستان بھرمیں خواجہ سراؤں کو اُن کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ اگر چہ کاغذوں کی حد تک انکا ووٹ بھی ہے اُن کے لیے ملازمت میں کوٹہ بھی مختص ہے لیکن حقیقت اسکے برعکس ہے۔

https://p.dw.com/p/1IwIl
تصویر: picture-alliance/AP/Muhammed Muheisen

نہ تو انہیں تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور نہ ہی اُن کے مرنے کے بعد دفن کرنے کے لیے عام قبروں میں جگہ دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواجہ سرا رات کے اندھیرے میں اپنے مردوں کو دفن کرتے ہیں ۔ سرکاری طور پر پاکستان میں خواجہ سرؤاں کی تعداد معلوم نہیں لیکن ایک غیر سرکاری ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پانچ لاکھ سے زیادہ خواجہ سرا ہیں ۔

گذشتہ دور حکومت میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے ’شی میلز‘ کو قومی شناختی کارڈ فراہم کرنے اور انہیں صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا حکم جاری کیا تھا۔ چار سال قبل خواجہ سراؤں کے لیے سرکاری ملازمت میں دو فیصد کوٹہ مختص کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا لیکن اٹھارویں ترمیم کے بعد اس پر عمل درآمد ممکن نہ ہوسکا۔ ویسے تو پاکستان بھر میں خواجہ سراؤں کے ساتھ امتیازی سلوک اور اُن کی تضحیک کی جاتی ہے لیکن خیبر پختونخوا میں یہ لو گ گذشتہ کئی سالوں سے معاشرتی ناانصافیوں سمیت بے پناہ مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

Pakistan Alesha Transgender aus Peschawar wurde ermordet
خواجہ سراؤں کو موت سے بچانے کے لیے بڑی تاخیر سے طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیںتصویر: Trans Action Khyber Pakhtunkhwa

صوبے کے مختلف علاقوں میں دو سال کے دوران چھیالیس سے زیادہ خواجہ سراؤں کو قتل کیا گیا۔ پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حال ہی میں علیشاہ اور عدنان نامی دو خواجہ سراؤں کو گولی ماردی گئی جن میں علیشا کو شدید زخمی حالت میں پشاور کے بڑے طبی مرکز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا۔ علیشاہ کو اٹھ گولیاں لگی تھیں لیکن ڈاکٹر اس تذبذب میں مبتلا تھے کہ انہیں مردانہ یا زنانہ وارڈ میں رکھا جائے ۔ علیشا کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ ان سے بھتہ مانگنے کے ساتھ ساتھ دیگر ناجائز کاموں کا مطالبہ بھی کیا جاتا ہے۔ پانچ دن تک موت و حیات کے کشمکش میں رہنے کے بعد علیشا جانبر نہ ہوسکی۔ شی میل ایسوسی ایشن کی سربراہ فرزانہ کا کہنا تھا کہ ’’ ہسپتال انتظامیہ اُس کا علاج کرنے کی بجائے اُس سے عجیب و غریب سوالات کرتے رہے اور اُس کی تضحیک کرتے تھے ۔ انہوں نے بروقت زخمی علیشا کو ہسپتال پہنچایا تھا لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں تھا جسکی وجہ سے اُس کی موت واقع ہوئی۔ اگر علیشا کو بروقت طبی سہولیات قراہم کر دی جاتیں تو شاید اُس کی زندگی بچ جاتی۔‘‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پختونخوا اب خواجہ سراؤں کیلئے محفوظ نہیں بھتہ کرنے کے علاوہ انہیں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن پولیس انکی شکایت سننے کے لیے تیار نہیں۔علیشا کے انتقال کے بعد اُس کی لعش اٹھا کر پولیس اسٹشین کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ جب سٹی پولیس آفیسر سے اس سلسلے میں بات کی گئی تو انکا کہنا تھا ’’ تین افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہوا ہے جس میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک تیسرے شخص کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔‘‘

Pakistan Rawalpindi Transgender Männer
خواجہ سرا تاریکی میں زندگی گزارتے ہوئے دنیا سے چلے جاتے ہیںتصویر: picture-alliance/AP/Muhammed Muheisen

غیر سیاسی تنظیموں اور بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے تعاون کی وجہ سے خواجہ سرا علیشا کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ اس دوران غیر سیاسی تنظیم کے سربراہ قمر نسیم کا کہنا تھا ’’ایسا لگتا ہے کہ یہ انسان ہی نہیں جو رویہ انکے ساتھ روا کیا جاتا ہے اس سے دکھ ہوا ہے مصیبت زدہ لوگوں کا دکھ بانٹنے کی بجائے بعض لوگوں نے انکی تضحیک کی ان پر آوازیں کسیں۔ ایسا لگا جیسے یہ لوگ اس دنیا کی مخلوق ہی نہیں ۔ جب اس سلسلے میں صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی سے بات کی گئی تو انکا کہنا تھا ’’شی میلز کا تعلق معاشرے کے انتہائی کمزور طبقے سے ہوتا ہے ہم انکے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں اگلے سال کے بجٹ میں انکے لیے رہائش، روزگار اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے رقم مختص کررہے ہیں ۔ انہیں ہیلتھ انشورنس اسکیم میں شامل کریں گے تاکہ انہیں جلد از جلد صحت کی سہولت میسر ہو انکا کہنا تھا کہ قتل میں ملوث دو افراد گرفتار کیے گئے جبکہ ایک تیسرا بھی جلد گرفتار کیا جائیگا۔‘‘

دوسری جانب اس واقعے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں شی میلز کے لیے ایک الگ کمرہ مختص کیا گیا ہے جنہیں طبی امداد کی فراہمی کے وقت اسی کمرے میں رکھا جائے گا۔