1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

داعش کے خلاف جنگ جاری رہے گی، فرانسیسی صدر

عابد حسین
9 نومبر 2017

فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں آج کل خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے اپنے اس دورے کے دوران عسکری اور ثقافتی تعلقات پر فوکس رکھا۔

https://p.dw.com/p/2nL1e
VAE Louvre Abu Dhabi- Kronprinz Sheikh Mohammed bin Zayed al-Nahyan und französischer Präsident Emmanuel Macron
تصویر: Reuters/S. Kumar

فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ بظاہر شام اورعراق میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو حالیہ مہینوں کے دوران مختلف مقامات پر مسلسل شکست کا سامنا رہا ہے لیکن ابھی بھی جہادی برسرپیکار ہیں۔ ایمانوئل ماکروں نے اس تناظر میں مزید کہا کہ جہادیوں کے خلاف مسلح جد و جہد اور جنگ جاری رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ابو ظہبی میں فرانسیسی نیوی کے دستوں کے ساتھ ملاقات میں کیا۔

پیرس میں دہشت گردانہ حملہ، ایک پولیس افسر ہلاک

داعش کے خلاف جنگ: فرانسیسی صدر پیر کو عراق جائیں گے

شام سے لوٹنے والے جہادی ’ٹائم بم‘ جیسے ہیں، فرنچ اہلکار

جہادی حملے میں پادری کا قتل: فرانسیسی مسلمان گرجا گھروں میں

پورٹ زید کے نیول بیس پر فرانسیسی صدر نے کہا کہ اسلامک اسٹیٹ کو اُس کے خودساختہ دارالخلافہ الرقہ میں شکست دی جا چکی ہے اور بہت جلد سارے عراق اور شام میں اس جہادی تنظیم کو مکمل شکست سے دوچار کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کئی سالوں سے قائم مسلح عسکری گروپوں کے خلاف عسکری جد و جہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد گروپوں کے ساتھ نمٹنے سے ہی اس خطے کی ترقی اور مسائل کا حل ممکن ہے۔

VAE Louvre Abu Dhabi- Macron bei Eröffnung
فرانسیسی صدر کے ساتھ اُن کی اہلیہ بھی متحدہ عرب امارات کے دورے پر گئی ہیںتصویر: Reuters/S. Kumar

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابُوظہبی کے قریب پورٹ زید پر فرانسیسی نیول بیس IMFEAU واقع ہے۔ فرانسیسی حکومت نے یہ بحری فوجی مرکز سن 2009 میں قائم کیا تھا۔ فرانسیسی سیلرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر ماکروں نے اس بیس کو دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف جاری عسکری کارروائیوں میں انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

اپنے اس دورے کے دوران فرانسیسی صدر نے خطے میں فرانس کے عسکری کردار اور تعاون کو عمومی طور پر مگر متحدہ عرب امارات کے ساتھ خاص طور پر اہم قرار دیا۔ متحدہ عرب امارات میں قائم ایک اور فوجی بیس الظفرہ پر بھی فرانسیسی فوجی متعین ہیں۔ الظفرہ بیس پر پانچ ہزار امریکی فوجی بھی مقیم ہیں۔

ایمانوئل ماکروں متحدہ عرب امارات میں مشہور آرٹ میوزیم لُوور کی ابو ظہبی شاخ کے افتتاح کے موقع پر وہاں گئے ہیں۔ فرانسیسی صدر نے لُوور ابوظہبی کو تہذیبوں کا سنگم قرار دیا۔ بنیادی لُوورآرٹ میوزیم فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں واقع ہے۔ ابوظہبی کی حکومت لوور نام استعمال کرنے پر 525 ملین ڈالر اگلے تیس برسوں تک ادا کرتی رہے گی۔