1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی ٹیسٹ: یونس خان اور اظہر کا اعلیٰ کھیل

4 فروری 2012

یونس خان اور اظہر علی کی شاندار پارٹنر شپ کے بدولت دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے انگلینڈ پر 180 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان نے دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13x92
یونس خانتصویر: AP

یونس خان اور اظہر علی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 194 رنز بنا لیے ہیں۔ یونس خان نے اپنے کیریئر کی بیسویں سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ایک چھکے اور گیارہ چوکوں کی مدد سے115 رنز بنائے۔ اظہر علی نے بھی آج عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے دن کے اختتام تک وہ 75 کے انفرادی  اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور ننانوے کے جواب میں آج انگلش ٹیم 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان نے جب اپنی دوسری اننگز شروع کی تو اوپنر توفیق عمر چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کا مجموعی اسکور اٹھائیس تھا کہ محمد حفیظ بھی اکیس کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

Cricket Cricketspieler Azhar Ali
اظہر علیتصویر: Tariq Saeed

یونس خان اور اظہر علی نے جب شراکت کا آغاز کیا تو پاکستانی ٹیم شدید دباؤ کا شکار تھی۔ لیکن دونوں کھلاڑیوں نے محتاط طریقے سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ بالخصوص یونس خان نے اسکور بنانے کا کوئی موقع ضائع نہ جانے دیا۔ آج دوسرے دن کے کھیل میں لنچ کے بعد انگلش کھلاڑی کوئی وکٹ نہ گرا سکے۔

اس سے قبل آج صبح جب انگلش ٹیم نے پہلے دن کے اسکور 104 چھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی تو سعید اجمل اور عبدالرحمان نے اپنی تباہ کن بولنگ جاری رکھی۔ عبدالرحمان نے پانچ انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں دوسری مرتبہ ایک ہی اننگز میں دو مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سعید اجمل کے حصے میں تین وکٹیں آئیں جبکہ عمر گل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Abdur Rehman
عبدالرحمانتصویر: APImages

پاکستانی بولروں کی شاندار کارکردگی کے باعث اس وقت پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہو چکی ہے۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اس وقت پاکستان کو دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے تاہم اگر پاکستان اس ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ انگلینڈ کو وائٹ واش کرنے کا اعزاز حاصل کر لے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امتیاز احمد