1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا اسٹیو جابز کی موت پر سوگوار

7 اکتوبر 2011

ایپل کے سابق سربراہ اسٹیو جابز کو دنیا بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ جمعرات کو لاکھوں افراد نے ان کے وژن اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا، جن کی بدولت وہ دنیا کا جدید رُوپ پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12nNq
ایپل کے ہیڈکوارٹرز کے سامنے سوگوار مداح پھول رکھ رہے ہیںتصویر: dapd

کیلی فورنیا کے علاقے پالو آلٹو میں اسٹیو جابز کے گھر کے سامنے جمعرات کو سوگواروں کا تانتا بندھا رہا۔ انہوں نے وہاں پھول، تعزیتی پیغام اور ایپل کمپنی کے لوگو کی مناسبت سے سیب بھی رکھے۔

ہائی ٹیک کی معروف شخصیت جس نے اپنے ساتھی اسٹیو ووصنیاک کی شراکت میں اس کمپنی کی بنیاد رکھی اور بعدازاں دنیا کو آئی پوڈ، آئی فون اور آئی پیڈ جیسی حیرت انگیز مصنوعات دینے کے سفر پر نکلے، بدھ کو انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر چھپن برس تھی اور لبلبے کے سرطان میں مبتلا تھے۔

Steve Jobs gestorben
اسٹیو جابزتصویر: dapd

ان کی موت پر ایپل نے کہا: ’’اسٹیو کی ذہانت، جذبہ اور توانائی بے شمار ایجادات کا ذریعہ تھی، جن کی وجہ سے ہماری زندگیاں بہتر بنی ہیں۔ دنیا ان کی وجہ سے ناقابلِ بیان حد تک بہتر ہو چکی ہے۔‘‘

ایپل کے بیان میں مزید کہا گیا: ’’ان کی عظیم محبتیں ان کی اہلیہ لورین اور ان کے خاندان کے لیے تھیں۔ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ بھی سوگوار ہیں، جو جابز کے غیرمعمولی تحائف سے متاثر ہیں۔‘‘

ان کی موت پر عالمی رہنماؤں اور ٹیکنالوجی کی دنیا نے رنج کا اظہار کیا جبکہ ایپل کے مداحوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر اس شخص کی موت پر اپنے دکھ کا اظہار کیا، جس نے فون کے سائز کے کمپیوٹر لاکھوں افراد کی جیبوں میں رکھ دیے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسٹیو جابز کو شاید اس سے زیادہ بہتر طور پر خراج عقیدت پیش نہیں کیا جا سکتا تھا کہ ان کی موت کی خبر تقریباﹰ فوری طور پر دنیا کے کونے کونے میں ان کے تخلیق کردہ آلات کے ذریعے ہی پہنچ گئی۔

صرف چین میں ہی انٹرنیٹ صارفین نے جابز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریباﹰ پینتیس کروڑ پیغامات پوسٹ کیے۔ دنیا بھر میں لوگوں نے ایپل اسٹورز کا بھی رُخ کیا، جہاں انہوں نے پھول، موم بتیاں اور تعزیتی کارڈز چھوڑے۔

NO FLASH Steve Jobs Apple Tod Todesfall
ایپل اسٹورز پر بھی سوگوار مداحوں نے تعزیتی پیغامات چھوڑےتصویر: AP

جابز کی موت پر امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے: ’’جابز نے ہماری زندگیاں بدل ڈالیں، پوری صنعت کو نئی سمت دی اور انسانی تاریخ میں ایک جداگانہ مقام حاصل کیا۔ انہوں نے دنیا کو دیکھنے کا ہمارا نظریہ ہی بدل ڈالا۔‘‘

مائیکروسافٹ کے بل گیٹس نے کہا: ’’دنیا کو ایسا شخص کبھی کبھار ہی دیکھنے کو ملتا ہے، جو جابز جیسا اثر چھوڑ جائے، اور یہ اثر آئندہ کئی نسلوں تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔‘‘

جابز چوبیس فروری انیس سو پچپن کو سان فرانسسکو میں پیدا ہوئے اور اس کے تقریباﹰ ایک ہفتے بعد ہی قریبی ماؤنٹین ویو کے ایک جوڑے نے انہیں گود لے لیا تھا۔ انہوں نے انیس سو چھہتر میں ایپل کی بنیاد اس وقت رکھی جب وہ محض اکیس برس کے تھے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں