1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال تہاڑ جیل بھیج دیے گئے

جاوید اختر، نئی دہلی
1 اپریل 2024

شراب پالیسی بدعنوانی معاملے میں گرفتار دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو آج نچلی عدالت نے پندرہ دنوں کی عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل بھیج دیا۔ کیجریوال کی گرفتاری پر جرمنی، امریکہ اور اقوام متحدہ نے تشویش ظاہر کی تھی۔

https://p.dw.com/p/4eJ9k
اروند کیجریوال کو پندرہ دنوں کے لیے آج عدالتی تحویل میں دہلی کے مشہور تہاڑ جیل بھیج دیا گیا
اروند کیجریوال کو پندرہ دنوں کے لیے آج عدالتی تحویل میں دہلی کے مشہور تہاڑ جیل بھیج دیا گیاتصویر: Hindustan Times/IMAGO

دہلی کی نئی شراب پالیسی، جسے اب ختم کر دیا گیا ہے، میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو آج کوئی راحت نہیں مل سکی. اروند کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے اگلے دن خصوصی عدالت نے انہیں 28 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔ بعد میں عدالت نے ای ڈی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے حراست کی مدت میں چار دنوں کی توسیع کردی تھی۔ جس کے اختتام پر آج انہیں راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا گیا۔

ای ڈی نے عدالت سے کہا کہ اروند کیجریوال پوچھ گچھ میں اس کے ساتھ "بالکل تعاون" نہیں کر رہے ہیں لہذا مزید وقت درکار ہے۔ عدالت نے اس کے بعد اروند کیجریوال کو پندرہ دنوں کے لیے عدالتی تحویل میں دے دیا اور انہیں دہلی کے مشہور تہاڑ جیل بھیج دیا گیا۔

اروند کیجریوال کی گرفتاری، امریکہ اور بھارت میں تکرار جاری

کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں دی گئی درخواست واپس لے لی گئی

کمرہ عدالت میں داخل ہوتے وقت کیجریوال نے کہا کہ "وزیر اعظم مودی جو کررہے ہیں وہ ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔"

وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کے خلاف 31 مارچ کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں اپوزیشن جماعتوں  نے ایک بڑا جلسہ بھی کیا
وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کے خلاف 31 مارچ کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں اپوزیشن جماعتوں نے ایک بڑا جلسہ بھی کیاتصویر: Manish Swarup/AP Photo/picture alliance

صدر راج نافذ کرنے کی کوشش کا الزام

اس دوران کیجریوال کی عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا کہ دہلی میں صدر راج نافذ کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ پارٹی نے بی جے پی پر عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی کو  25 کروڑ روپے میں خریدنے کی کوشش کرنے کا بھی الزام لگایا۔

دوسری طرف بی جے پی کے دہلی کے صدر ویریندر سچدیوا نے کیجریوال کو عدالتی تحویل میں بھیجے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا،" مجھے امید ہے کہ دہلی کے عوام کو معلوم ہوجائے گا کہ دہلی کو کس نے لوٹا ہے۔"

بی جے پی کے سینیئر رہنما پیوش گوئل کا کہنا تھا کہ" عدالت اپنا کام کر رہی ہے اور قانون ان لوگوں کو گرفتار کر رہا ہے جنہوں نے غلط کام کیے ہیں۔ انہیں ایسے کام کرنے سے پہلے اس کے مضمرات کے بارے میں سو چ لینا چاہئے تھا۔"

خیال رہے کہ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر سب سے پہلے جرمنی اور پھر امریکہ کے بعد اقو ام متحدہ نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ بھارت نے تاہم ان کے بیانات کو داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔

نئی دہلی: اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کے خلاف بڑا مظاہرہ

وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کے خلاف اتوار 31 مارچ کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے 'سیو ڈیموکریسی ' کے نام سے ایک بڑا جلسہ بھی کیا تھا۔

عام آدمی پارٹی کے دو سینیئر رہنما سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور رکن پارلیمان کو مبینہ شراب گھپلے میں پہلے سے ہی جیل میں ہیں۔ سسودیا تقریباً ایک سال سے قید میں ہیں۔

بھارت: کیا حزب اختلاف کا اتحاد حکمراں بی جے پی کو قابو کر سکے گا؟

بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے مودی حکومت کو دھچکا

اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی بھارتیہ جنتا پارٹی کو اسی ماہ شروع ہونے والے عام انتخابات میں اپنی شکست دکھائی دے رہی ہے جس کی وجہ سے وہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں پر مبینہ جھوٹے الزامات لگاکر انہیں جیل میں ڈال رہے ہیں۔