1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’رات تاریک ہے، مگر ہمت نہیں ہارا‘ پاکستانی مسیحی کو پھانسی

کشور مصطفیٰ10 جون 2015

پاکستان میں بُدھ کو اُس شخص کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا، جسے 1992ء میں لاہور میں ایک خاتون سمیت تین افراد کو قتل کرنے کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔ تب اُس کی عمر صرف 15 برس تھی۔

https://p.dw.com/p/1FeRJ
تصویر: Reuters/M. Raza

مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے آفتاب بہادر مسیح کے وکلاء کا کہنا ہے کہ آفتاب کو تشدد اور اذیت کا نشانہ بنا کر اُس سے اعترافِ جُرم کروایا گیا تھا۔ آفتاب بہادر مسیح کے کیس نے انسانی حقوق کے لیے سرگرم گروپوں سے لے کر اقوام متحدہ تک میں تشویش پیدا کردی ہے۔

پاکستانی کے مشرقی شہر لاہور کی جیل کے ایک اہلکار کے بیان کے مطابق آفتاب بہادر کو بُدھ کی صبح ساڑھے چار بجے پھانسی دے دی گئی۔ جیل کے اس اہلکار کو میڈیا کو بیان دینے کی اجازت نہیں ہے اس لیے اُس نے اپنا نام ظاہر کرنے سے انکار کر دیا تاہم اُس نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ آفتاب بہادر پھانسی کی سزا پانے سے پہلے تک ’چیخ چیخ کر کہہ رہا تھا کہ وہ بے گُناہ ہے‘۔

آفتاب بہادر کے برتھ سرٹیفیکیٹ یا سند پیدائش اور شناختی کارڈ پر اُس کی پیدائش کی تاریخ 30 جون 1977ء درج ہے اور اسے حکام نے متنازعہ قرار نہیں دیا ہے۔

اُدھر ہیومن رائٹس گروپ ’ ریپریو‘ نے کہا ہے کہ بہادر کے مقدمے میں جن دو گواہوں کے بیان کو بنیاد بنا کر اُسے سزائے موت دی گئی، وہ دونوں گواہان بعد میں اپنے بیان سے مُکر گئے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ ان سے یہ بیان زبردستی اور اذیت رسانی کے ذریعے دلوایا گیا تھا۔

Pakistan Protest Shafqat Hussain Hinrichtung
انسانی حقوق کے گروپوں کا پھانسی کی سزاؤں کے خلاف احتجاجتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

آفتاب بہادر کو جس وقت موت کی سزا سنائی گئی تھی، تب کسی 15 سالہ مجرم کو قانونی طور پر یہ سزا دی جا سکتی تھی تاہم پاکستان میں 2000ء میں سزائے موت سنانے کے لیے کم از کم عمر 18 برس کر دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ زور زبردستی اور اذیت دے کر کسی سے اقرار جرم کروانا بھی قابل قبول عمل نہیں ہے۔

اُدھر ہیومن رائٹس گروپ ’ریپریو‘ نے آفتاب بہادر کو موت کی سزا دیے جانے کے عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی اور پاکستانی دونوں قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے پھانسی کی سزاؤں پر عائد غیر اعلانیہ پابندی دسمبر 2014ء میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر طالبان کے ایک حملے کے بعد ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔ پشاور کے اس سانحے میں 134 بچے اور 19 بالغ افراد لقمہٴ اجل بنے تھے۔ اس واقعے کے بعد حکومت پر غیر معمولی دباؤ تھا کہ وہ مسلم انتہا پسندی کے رجحان میں اضافے کے خلاف مؤثر اقدامات کرے۔

بہادر کی پھانسی سے ایک روز قبل اُس کا جیل میں تحریر کردہ ایک خط شائع ہوا تھا، جس میں اُس نے اپنی بے گناہی کے دعوے کو دہرایا تھا۔ آفتاب بہادر نے اپنے اس خط میں لکھا تھا،’’ مجھے نہیں معلوم کہ میرے بے گناہی کے دعووں سے کوئی فرق پڑے گا تاہم میں نے ہمت نہیں ہاری۔ اگرچہ رات بہت تاریک ہے، بہتر ہوتا کہ میں اس بارے میں سوچتا بھی نہیں کہ پولیس نے مجھ سے ناجائز اقرار جُرم کروانے کے لیے میرے ساتھ کیا کُچھ کیا ہے‘‘۔

Pakistan Faisalabad Zentralgefängnis Aussetzung Hinrichtungsstopp
شفقت حسین کی پھانسی عملدرآمد سے چند گھنٹے پہلےچوتھی بار ملتوی کر دی گئیتصویر: picture-alliance/dpa/I. Sheikh

منگل کو سزائے موت کے ایک اور قیدی شفقت حسین کی پھانسی عملدرآمد سے چند گھنٹے پہلے چوتھی بار ملتوی کر دی گئی۔ شفقت حسین نامی مجرم کو کراچی میں اغوا اور قتل کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم اس کے وکلاء کا کہنا ہے کہ 2004ء میں جب شفقت کو عدالت کی جانب سے سزائے موت دی گئی تھی اس وقت اُس کی عمر 13 برس سے کچھ ہی زیادہ تھی۔

ابتدائی طور پر صرف دہشت گردی کے مقدمات میں سزائے موت پانے والوں کی سزا پر عمل درآمد شروع ہوا تھا تاہم بعدازاں اس حکم کو تمام مقدمات میں یہ سزا پانے والوں پر لاگو کر دیا گیا۔