1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رنگ، موسیقی اور آتش بازی کی چکا چوند: ریو اولمپک کا افتتاح

کشور مصطفیٰ6 اگست 2016

جنوبی امریکا میں پہلی بار منعقد ہونے والے اولمپک گیمز کا افتتاح برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب کے ساتھ ہو گیا ہے جس میں دنيا بھر سے 10 ہزار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JcY7
تصویر: picture alliance/dpa/L. Schulze

برازیل میں 2016 کے اولمپک مقابلوں کی پُرتعیش افتتاحی تقریب میں جہاں روشنی اور ملکی ثقافت کی آئینہ دار موسیقی اور رقص کے رنگا رنگ پروگراموں کا انعقاد ہوا وہیں دنیا کے 200 سے زائد ممالک کے کھلاڑیوں نےافتتاحی تقریب میں ہزاروں شائقین کے سامنے مارچ پاسٹ کیا۔

ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں پانچ سے 21 اگست تک ہونے والے مختلف کھیلوں کے ان مقابلوں میں حصہ لینے والے دس ہزار کھلاڑیوں میں پاکستان کا سات رکنی دستہ شرکت کر رہا ہے جس میں دو ایتھلیٹ، دو تیراک، دو نشانہ باز اور جوڈو کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔

Olympia Rio 2016 Eröffnungsfeier Rio Momente 05 08
ریو اولمپک کے افتتاح پر آتش بازی اور موسیقی کا انوکھا پروگرامتصویر: Getty Images/AFP/A. Thullier

ریو اولمپک کی خاص بات

2008 ء میں بیجنگ میں ہونے والے عظیم الشان اولمپک مقابلوں کے بعد اس ورلڈ ایونٹ کا انعقاد 2012 ء میں یورپی شہر لندن میں ہوا تھا۔ اب 2016 ء میں برازیل میں منعقد ہونے والے ان مقابلوں کو اس لیے غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے کہ اولمپک کھیلوں کی تاریخ میں پہلی باراس کا اہتمام کسی جنوبی امریکی ملک میں کیا گیا ہے۔ دوسری سب سےاہم بات اس ضمن میں یہ ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں مہاجرین اور پناہ گزینوں کا بحران غیر معمولی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اس بار انٹرنيشنل اولمپک کميٹی (IOC) نے ان کھيلوں ميں شرکت کے ليے مہاجرين کی دس رکنی ٹيم کا بھی اعلان کيا۔ اس کا مقصد ان کھلاڑيوں کی اولمپکس ميں شرکت سے مہاجرين کے بحران کے بارے ميں عالمی سطح پر آگہی میں اضافہ اور لاکھوں پناہ گزينوں کو نا امیدی کی تاریکی سے نکال کر انہیں زندگی کی روشنی دکھانا اور انہیں امید کا پيغام دینا ہے۔ دس ارکان پر مشتمل اس ٹیم میں جنوبی سوڈان سے پانچ، شام سے دو، ڈیموکریٹک رپبلک آف کانگو سے دو اور ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والا ایک رکن شامل ہے۔ ریو اولمپک کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں رگبی اور گولف مقابلوں کا سلسلہ دوبارہ سے شروع کیا گیا ہے۔

Olympia Rio 2016 Eröffnungsfeier Team Afghanistan
افتتاحی تقریب میں افغان ٹیم کی شرکتتصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

تاریخ، موحولیاتی تبدیلی اور کارنیوال

ریو ڈی جینیرو کے تمثالی ماراکانا اسٹیڈیم میں 2016 ء اولمپک مقابلوں کی باقاعدہ افتتاحی تقریب میں فن آتش بازی کا جو مظاہرہ کیا گیا وہ انوکھا تھا۔ پورا اسٹیڈیم برازیلی قومی ترانے سے گونج رہا تھا اور ہر ہر طرف اس جنوبی امریکی ملک کا پرچم لہراتا نظر آ رہا تھا۔ ریو کے اسی اسٹیڈیم میں دو سال قبل فُٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل بھی کھیلا گیا تھا۔ اولمپک مقابلوں کی افتتاحی تقریب کے ثقافتی پروگراموں کے ہدایت کار برازیل کے معروف فلمساز، ہدایت کار اور فلم نگار فرنانڈو میرلس ہیں جن کی 2002 ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’City of God ‘‘ نے غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی۔ اس فلم میں فرنانڈو نے برازیل کی مختصر تاریخ نہایت خوبصورتی سے پیش کی تھی۔