1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رومانیہ کے وزیر اعظم پر کرپشن کے الزام میں فرد جرم عائد

مقبول ملک13 جولائی 2015

رومانیہ کے وزیر اعظم وکٹر پونٹا کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں جاری تحقیقات کے دوران اب باقاعدہ فرد جرم بھی عائد کردی گئی ہے، جس کے بعد ان پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے لیے دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FxnQ
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Cristel

رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف کی رپورٹوں میں انسداد بدعنوانی کے ملکی محکمے ڈی این اے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پونٹا کے خلاف باقاعدہ فرد جرم آج پیر تیرہ جولائی کے روز عائد کی گئی۔

ڈی این اے نے ملک میں وسیع تر بدعنوانی کے خلاف جو بڑی مہم شروع کر رکھی ہے، اس کے تحت گزشتہ چند برسوں کے دوران یورپ کے غریب ترین ممالک میں شمار ہونے والی اس ریاست میں درجنوں سابقہ سیاستدانوں اور ججوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں جبکہ وکٹر پونٹا وہ اعلٰی ترین عوامی نمائندے ہیں، جن کے خلاف کارروائی ان کے عوامی عہدے کی مدت کے دوران شروع کی گئی ہے۔

رومانیہ کے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق وکٹر پونٹا کو اپنے خلاف فراڈ، ٹیکس چوری اور کالے دھن کو سفید کرنے سے متعلق جن الزامات کا سامنا ہے، ان کا تعلق 2012ء میں وزیر اعظم بننے سے پہلے کے اس دور سے ہے، جو 2007ء سے لے کر 2011ء تک پھیلا ہوا ہے۔

ڈی این اے کے اعلٰی حکام نے آج بخارسٹ میں صحافیوں کو بتایا کہ ملکی وزیر اعظم کے خلاف جاری چھان بین کے دوران اب ان کے متعدد ایسے اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں، جو ان کے خلاف مقدمے میں فیصلہ سنائے جانے تک منجمد رہیں گے۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ 42 سالہ وکٹر پونٹا پر فرد جرم عائد کیے جانے کا اعلان ملکی وزیر اعظم کے ڈی این اے کے اس دورے کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا، جس دوران صحافیوں کے ایک بڑے ہجوم کی موجودگی میں بیساکھیوں کے سہارے چلنے والے پونٹا آج ہی تفتیش کے لیے بخارسٹ میں انسداد بدعنوانی کے ملکی محکمے کے ہیڈکوارٹر گئے تھے۔

سرکاری دفتر استغاثہ کے مطابق موجودہ ملکی وزیر اعظم کے خلاف بدعنوانی اور مبینہ رشوت ستانی کے مقدمے میں چھان بین کا آغاز گزشتہ مہینے جون میں کیا گیا تھا۔ اس محکمے کے داخلی ذرائع کے مطابق آج کی تفتیش کے دوران وکٹر پونٹا نے پراسیکیوٹرز کے سوالوں کے جواب دینے سے انکار کر دیا تھا۔

وکٹر پونٹا اپنے گھٹنے کے ایک آپریشن کے لیے ترکی میں قریب ایک ماہ تک قیام کے بعد ابھی حال ہی میں واپس وطن لوٹے تھے اور انہوں نے سربراہ حکومت کے طور پر اپنے فرائض کی انجام دہی گزشتہ جعمرات کو دوبارہ شروع کی تھی۔

اس دوران انہوں نے کل اتوار بارہ جولائی کے روز یہ اعلان بھی کر دیا تھا کہ وہ اپنے خلاف الزامات کی منصفانہ چھان بین کو یقینی بنانے کے لیے حکمران سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سے عارضی طور پر مستعفی ہو رہے ہیں۔

Rumänien Anhörung Ministerpräsident Victor Ponta wegen Korruption
باقاعدہ فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد وکٹر پونٹا پر دباؤ بہت زیادہ ہو گیا ہے کہ انہیں وزیر اعظم کے طور پر بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیےتصویر: picture-alliance/dpa/O. Ganea

اے ایف پی کے مطابق باقاعدہ فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد وکٹر پونٹا پر اب اس بارے میں دباؤ بہت زیادہ ہو گیا ہے کہ انہیں وزیر اعظم کے طور پر بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔ لیکن پونٹا ابھی تک اپنے خلاف الزامات کی تردید کرنے کے علاوہ سربراہ حکومت کے عہدے سے دستبردار ہونے سے بھی یہ کہتے ہوئے انکار کر رہے ہیں کہ وہ تحقیقاتی عمل میں تفتیشی ماہرین کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور اس کے لیے انہیں مستعفی ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔

بخارسٹ میں اسٹیٹ پراسیکیوٹرز کے مطابق انہیں یہ شبہ بھی ہے کہ بطور وزیر اعظم بھی وکٹر پونٹا اپنے عہدے کی مناسبت سے مفادات کے تصادم کے مرتکب ہوئے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پونٹا کی پارٹی کو ملکی پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل ہے اور گزشتہ مہینے اسی پارلیمان نے وزیر اعظم کو حاصل اپنے خلاف قانونی کارروائی سے تحفظ کو ختم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔