1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’زبان سيکھنا انضمام کی کنجی ہے‘

عاصم سليم3 دسمبر 2015

اس وقت دنيا بھر ميں جرمن سيکھنے کے رجحان ميں اضافہ گوئتھے انسٹيٹيوٹ کے ليے کافی مثبت پيش رفت ہے۔ اس جرمن ادارے کی جانب سے پناہ گزينوں کو تعليم فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کيا گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HGrV
تصویر: Colourbox

گوئتھے انسٹيٹيوٹ کی جانب سے پناہ گزينوں کی امداد کی کوششوں ميں تيزی لائی جا رہی ہے۔ يہ اعلان گزشتہ ہفتےادارے کے سالانہ اجلاس ميں کيا گيا۔ انسٹيٹيوٹ کے صدر کلاؤس ڈيٹر ليمان نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چيت کرتے ہوئے کہا، ’’زبان انضمام کی کنجی ہے۔‘‘ انہوں نے جرمن زبان سکھانے کے ليے جاری پروگراموں اور کلاسوں ميں توسيع کو لازمی قرار ديا۔ کلاؤس ڈيٹر ليمان نے زبان سکھانے کے ليے ’مناسب اور مختلف نوعيت کے‘ کورسز کی ضرورت پر بھی زور ديا۔

ليمان کو حال ہی ميں بطور گوئتھے انسٹيٹيوٹ کے صدر ان کی دوسری مدت کے ليے چنا گيا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوسرے دور ميں سول سوسائٹی کے ڈھانچوں کی مضبوطی، جرمنی ميں مہاجرين کے انضمام اور مختلف معاملات ميں عوامی شرکت بڑھانے پر توجہ مرکوز کريں گے۔ يہ امر اہم ہےکہ اس وقت 98 مختلف ممالک ميں گوئتھے انسٹيٹيوٹ کی 159 شاخيں قائم ہيں۔

انسٹيٹيوٹ کے صدر کلاؤس ڈيٹر ليمان کے بقول يورپ کو درپيش پناہ گزينوں کے بحران کے حل کے ليے تيزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’تعليم اور مختلف ثقافتی پروگرام کسی نسل کو پستی کا شکار ہونے سے بچانے کے ليے اہم ہيں۔ شام کے پڑوسی ملکوں ميں جاری ہمارا کام وہاں لوگوں کو مواقع فراہم کرنے ميں مدد ديتا ہے۔‘‘

انسٹيٹيوٹ کے صدر کلاؤس ڈيٹر ليمان
انسٹيٹيوٹ کے صدر کلاؤس ڈيٹر ليمانتصویر: picture-alliance/dpa/M.Schutt

گوئتھے انسٹيٹيوٹ جرمنی ميں موجود پناہ گزينوں کے ليے پروگراموں ميں توسيع کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔ اس سلسلے ميں مہاجرين کو جرمن زبان سکھانے کے ليے خصوصی ايپليکيشنز، ويڈيوز اور مشقيں ترتيب دی گئی ہيں۔ جرمنی ميں تعليم يافتہ اور تجربہ کار اساتذہ کی کافی مانگ ہے، اسی ليے متعدد آن لائن پروگرامز پر زور ديا جا رہا ہے تاہم اس کا مطلب ہر گز يہ نہيں کہ تعليم کے روايتی طريقہ کار کا متبادل تلاش کيا جا رہا ہے، بلکہ ايسے اقدامات کا مطلب محض يہی ہے کہ موجودہ ڈھانچوں اور طريقہ کار کو مزيد تقويت دی جائے۔

اس کے علاوہ دنيا کے مختلف ممالک ميں موجود اس انسٹيٹيوٹ کی شاخيں عالمی سطح کے اپنے نيٹ ورک کی مدد سے مختلف ثقافتوں ميں فرق مٹانے ميں بھی مدد فراہم کرتے ہيں۔ جرمن زبان سکھانے کے علاوہ يہ ادارہ ثقافت کے تبادلے کے بھی کئی مواقع فراہم کرتا ہے۔ انسٹيٹيوٹ کی کوشش ہے کہ پناہ گزينوں کے آبائی ممالک ميں تعليم اور ثقافت کے حوالے سے امکانات بڑھائے جائيں تاکہ وہاں مقيم لوگوں کے ليے مستقبل ميں مواقوں کی قلت نہ ہو۔