1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمین پر اگلے 40 برس، پیشین گوئیاں

9 مئی 2012

آئندہ چار عشروں کے دوران ہماری دھرتی پر زندگی کی صورت کیا ہو گی، اس حوالے سے کلب آف روم نے رواں ہفتے کے آغاز پر ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق موسمیاتی تبدیلیاں انسانوں کے لیے پریشانی کا سب سے بڑا سبب ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/14sDx
تصویر: picture-alliance/dpa

کلب آف روم ایک غیر کاروباری تنظیم ہے، جو دُنیا کے مختلف ملکوں کے دانشوروں اور محققین کو بین الاقوامی اہمیت کے مختلف معاملات پر تبادلہء خیال کا موقع فراہم کرتی ہے۔ 1972ء میں اس تنظیم کی جانب سے ’اقتصادی ترقی کی حدیں‘ کے نام سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی۔ زمین پر اگلے چار عشروں میں آنے والی تبدیلیوں سے متعلق پیشین گوئیوں پر مبنی اِس رپورٹ کو پوری دُنیا میں سراہا گیا تھا۔ پہلے اس تنظیم کا ہیڈکوارٹر جرمن شہر ہیمبرگ میں ہوا کرتا تھا تاہم جولائی 2008ء سے یہ ہیڈکوارٹر سوئٹزرلینڈ کے شہر وِنٹرتھُور منتقل ہو چکا ہے۔

’’2052ء، اگلے چار عشروں کے لیے عالمگیر پیشین گوئی‘‘ کے نام سے تازہ رپورٹ روٹرڈیم میں جاری کی گئی ہے۔ اس میں کلب آف روم کی طرف سے چالیس سال قبل شائع ہونے والی رپورٹ ’اقتصادی ترقی کی حدیں‘ کے موضوعات ایک بار پھر سے اجاگر کیے گئے ہیں۔ جن 66 شخصیات کی کوششوں سے یہ رپورٹ مرتب کی گئی ہے، اُن میں ممتاز اقتصادی ماہرین کے ساتھ ساتھ مستقبل پر تحقیق کرنے والے مشہور محققین بھی شامل ہیں۔

آئندہ چار عشروں میں موسمیاتی تبدیلیاں ہماری زمین اور اس پر بسنے والے انسانوں کے لیے سب سے زیادہ پریشانی کا باعث ہوں گی
آئندہ چار عشروں میں موسمیاتی تبدیلیاں ہماری زمین اور اس پر بسنے والے انسانوں کے لیے سب سے زیادہ پریشانی کا باعث ہوں گیتصویر: picture-alliance/dpa

آبادی میں ہونے والا اضافہ اور اس بڑھتی آبادی کے لیے اَشیائے خوراک کی فراہمی اس رپورٹ کے اہم موضوعات ہیں۔ ساتھ ہی پیچیدہ حساب کتاب کی مدد سے یہ اندازے بھی بیان کیے گئے ہیں کہ کون سے ممالک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے اور کون سے آگے نکل جائیں گے۔ ان اندازوں کی تیاری کے سلسلے میں قدرتی وسائل کی دستیابی، صنعتی پیداواری صلاحیت، اَشیائے خوراک کی پیداوار، عالمی آبادی میں اضافے اور ماحول کی آلودگی جیسے معاملات کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے اور زمینی درجہء حرارت میں عنقریب اوسطاً 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے مفروضے کی بنیاد پر پیشین گوئی کی گئی ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہماری دھرتی پر سیلاب، خشک سالی کے واقعات اور موسموں کی شدت بڑھتی جائے گی۔

کلب آف روم کی پیشین گوئی کے مطابق فضا میں ضرر رساں گیسیں خارج کرنے والے معدنی وسائل کا استعمال آنے والے برسوں میں بھی بڑے پیمانے پر جاری رہے گا
کلب آف روم کی پیشین گوئی کے مطابق فضا میں ضرر رساں گیسیں خارج کرنے والے معدنی وسائل کا استعمال آنے والے برسوں میں بھی بڑے پیمانے پر جاری رہے گاتصویر: picture-alliance/ZB

چالیس سال پہلے کی رپورٹ کی طرح اس رپورٹ میں بھی یہ کہا گیا ہے کہ زمین کے مستقبل کا انحصار اس نکتے پر ہے کہ انسان توانائی کے ضمن میں کیا پالیسیاں اختیار کرتا ہے۔ تازہ رپورٹ میں بھی یہ کہا گیا ہے کہ انسان تیل اور گیس جیسے توانائی کے اُن معدنی وسائل سے بڑے پیمانے پر استفادے کا سلسلہ بدستور جاری رکھے گا، جو فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے ضرر رساں مادوں کے اخراج کا باعث بنتے ہیں۔

کلب آف روم کے محققین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اقتصادی ترقی کا عمل طویل عرصے تک جمود کا شکار رہنے کے بعد تقریباً سن 2050ء سے مکمل طور پر رُکنا شروع ہو جائے گا۔ اس کے نتیجے میں کساد بازاری دیکھنے میں آئے گی اور عالمی آبادی پھر سے کم ہونا شروع ہو جائے گی۔

کلب آف روم کی طرف سے چالیس سال پہلے کی جانے والی پیشین گوئیوں میں سے کئی ایک اس لیے پوری نہ ہو سکیں کیونکہ انسان نے اپنی قوت متخیلہ کو استعمال کرتے ہوئے کئی ایسی ایجادات و اختراعات کیں، جن کا تب اس تنظیم کے محققین اندازہ نہیں لگا سکتے تھے۔ اب بھی یہ امکان ضرور موجود ہے کہ آنے والے برسوں میں انسان سائنس اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے اتنی ترقی کر جائے کہ اس تنظیم کی کئی پیشین گوئیاں پوری ہونے سے رہ جائیں اور اس دھرتی پر بسنے والے انسانوں کے لیے حالات زیادہ ناخوشگوار شکل اختیار نہ کریں۔

Fabian Schmidt/aa/hk

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں