1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق فرانسیسی وزیر ثقافت پرفرد جرم عائد

16 دسمبر 2011

پاکستان میں سن 2002ء بم حملے میں فرانسیسی بحریہ کے گیارہ انجینئروں کی ہلاکت پر لواحقین کی جانب سے تفتیشی اپیل کے بعد اس دور کے وزیر ثقافت پر پبلک فنڈ میں خوربرد کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/13Tvw
تصویر: AP

فرانسیسی نیول انجینئروں کی ہلاکت کی مناسبت سے جاری فوجداری اپیل کے ایک وکیل کے مطابق فرانس کے سابق وزیر ثقافت Renaud Donnedieu de Vabres پر عدالت کی جانب سے آبدوزوں کی فروخت کے معاہدے کے مرحلے میں رشوت وصول کرنے کی فرد جرم عائد کردی ہے۔ وکیل اولیور موریس (Olivier Morice) کے مطابق فرانسیسی سیاستدان نے رشوت کی یہ رقم نوے کی دہائی میں سابقہ وزیر اعظم بالادُور کی انتخابی مہم میں پول کی تھی۔

ہلاک شدہ نیول انجینئروں کے لواحقین کی جانب سے دائر تفتیشی اپیل میں شامل وکیل اولیور موریس کے مطابق دائیں بازو کے سیاستدان Renaud Donnedieu de Vabres پر پبلک فنڈز میں خوربرد کرنے کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ اس مقدمے کو کراچی افیئرز کے نام سے بھی پکارا جا رہا ہے۔

فرانسیسی پولیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ کراچی افیئرز کے حوالے سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لینے کے بعد ابتدائی پوچھ گچھ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس ابتدائی تفتیش کے بعد مشتبہ شخص کو رہا کر دیا گیا ہے۔ یہ شخص اب عدالتی کارروائی کا سامنا کرے گا۔ اس شخص کا نام عام نہیں کیا گیا ہے۔ اب تک اس معاملے میں پولیس نے تین افراد کو شامل تفتیش کیا ہے۔ ان میں ایک لبنانی تاجر زیاد تقی الدین ہے، جس نے سارے سودے میں مڈل مین کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ دیگر دو سیاستدانوں کو صدر نکولا سارکوزی کا قریبی ساتھی قرار دیا جاتا ہے۔

ستاون سالہ دائیں بازو کے سیاستدان Renaud Donnedieu de Vabres سن 2004سے سن 2007 سات کے دوران وزیر ثقافت رہے تھے۔ وہ دفاعی سودے کے دوران سن 1994میں اس وقت کے وزیر دفاع Francois Leotard کے سینئر مشیر تھے۔ اُسی دور میں مشتبہ دفاعی سودے کی ڈیل کو حتمی شکل دی گئی تھی۔

اس ڈیل سے حاصل ہونے والی رشوت کی رقم سن 1995میں صدارتی امیدوار ایڈوار بالادُور (Edouard Balladur) کی الیکشن مہم کے دوران استعمال کی گئی تھی۔ اس انتخابی مہم کے دوران موجودہ صدر سارکوزی بالادُور کے باقاعدہ ترجمان تھے۔ بالادُور یہ صدارتی انتخاب جیتنے میں ناکام رہے تھے۔

صدر نکولا سارکوزی نے اس مناسبت سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے کہ بالادور کے انتخابی مہم میں غیر قانونی سرمایے کو استعمال کیا گیا تھا۔ تفتیش کاروں کو یہ معلوم ہو چکا ہے کہ بالادُور کی انتخابی مہم کے دوران تیس لاکھ یورو شامل کیے گئے تھے اور وہ اس کی کھوج میں مصروف ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں