1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سویٹ جوزیفین‘ کی قیمت ساڑھے اٹھائیس ملین

عدنان اسحاق11 نومبر 2015

گزشتہ روز سوئس شہر جنیوا میں ہونے والی نیلامی میں ایک بڑا اور نایاب گلابی ہیرا تقریباً ساڑھے اٹھائیس ملین ڈالر میں خرید لیا گیا۔ اس ہیرے کو کس نے فروخت کیا اور اس کے خریدار کون ہے، یہ ابھی تک ایک معمہ ہے۔

https://p.dw.com/p/1H3u0
تصویر: Reuters/D. Balibouse

کرسٹی کا شمار دنیا کے معروف ترین نیلامی کے مراکز میں ہوتا ہے اور آج کل اس کی جنیوا کی شاخ میں زیورات کی نیم سالانہ فروخت جاری ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ شب نیلامی میں ایک نایاب گلابی ہیرے کی بولی 28.725 ملین سوئس فرانک لگائی گئی، جو امریکی ڈالر میں 28.55 ملین بنتے ہیں۔ پلاٹینم اور سونے سے تیار کی گئی انگوٹھی میں جڑے اس ہیرے کا وزن 16.8 قیراط ہے۔ اسے ہانگ کانگ میں رہنے والے ایک چینی شخص نے خریدا ہے۔

آکشن ہاؤس کرسٹی نے یہ نہیں بتایا کہ یہ ہیرا کس کی ملکیت تھی اور ساتھ ہی چینی شہری کی مکمل شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ خریدار نے اس ہیرے کو ’’دی سویٹ جوزیفین‘‘ کا نام دیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ اس ہیرے کو کہاں سے نکالا گیا تھا۔

کرسٹی لگژری گروپ کے چیئرمین فرانسوا کوریل نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ’’اس معیار کے کسی بھی پتھر کی یہ بہت زیادہ قیمت ہے اور یہ اس کے رنگ کا کمال ہے‘‘۔ فرانسوا جوہرات کے ماہر ہیں اور انہوں نے گزشتہ شب ہونے والی اس نیلامی میں حصہ بھی لیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ نیلامی کے وقت ہال مکمل طور پر بھرا ہوا تھا۔ انہوں نے مزید کہا، ’’اس سے ظاہر ہوتا ہےکہ قیمتی پتھروں کی ایک منڈی موجود ہے۔ دنیا میں آج کل بہت زیادہ نقد رقم کی ریل پیل ہے۔ فن پاروں کے علاوہ ہیرے جواہرات میں سرمایہ کاری بالکل محفوظ ہے‘‘۔

ذرائع کے مطابق کرسٹی آکشن ہاؤس کی 250 سالہ تاریخ میں اب تک دس قیراط وزن سے زیادہ کے صرف تین گلابی ہیرے نیلامی کے لیے آئے ہیں۔ گزشتہ روز کرسٹی کی نیو یارک کی شاخ میں اطالوی مصور آمیدیو مودیگیلیانی کی تصویر ’ نُو کُوچَے‘ 170.4ملین ڈالر میں نیلام ہوئی۔ ’ نُو کُوچَے‘ کو شنگھائی کے لونگ میوزیم نے خریدا ہے۔ اس تناظر میں فرانسوا کوریل نے کہا کہ چین پیر کے روز نیویارک میں بہت فعال تھا اور منگل کی شب اس نے جنیوا میں اتنی بڑی بولی لگائی۔