1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن تندولکر پھر آؤٹ، اتنظار لمبا ہو گیا

25 نومبر 2011

معجزاتی بلے باز تندولکر ممبئی کے وان کھیڑے اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے آغاز پر94 کے انفرادی اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ سچن کی 100ویں بین الاقوامی سنچری کے لیے اب ان کے مداحوں کو مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

https://p.dw.com/p/13Gsa
سچن تندولکرتصویر: AP

اسٹار بلے باز سچن رامیش تندولکر نے دنیائے کرکٹ میں کئی ریکارڈ بنانے کے علاوہ اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 99 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ اب شائقین کو انتظار ہے کہ وہ سو سنچریاں بنانے کا اعزاز کب حاصل کرتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز نے جب بھارت کا دورہ شروع کیا تھا تو بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا تھا کہ شائقین کواس بات پر پریشان نہیں ہونا چاہیے کہ سچن کی 100ویں سنچری کب ہو گی، کیونکہ بقول دھونی کے یہ تو ہونا ہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ آج نہیں کل یہ ہو کر رہے گا۔

لیکن شائقین تو پھر شائقین ہی ہوتے ہیں اور انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز شروع ہوتے ہی ہر میچ میں اندازے لگانا شروع کر دیے کہ اب نہیں تو اب سچن ایک اور منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر ہی لیں گے۔ لیکن ہر مرتبہ انہیں مایوسی ہی ہوئی۔

Cricket Sachin Tendulkar
سچن تندولکر ریکارڈ ساز بیٹسمین ہیںتصویر: AP

اب تیسرے ٹیسٹ میچ میں امکانات کافی روش ہو گئے تھے کہ شائد اب سچن تندولکر واقعی ہی 100 ویں سنچری اسکور کر ہی لیں گے لیکن ایک وہ 94 پر اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔ ممبئی ٹیسٹ تو ڈرا ہونے کی سمت رواں ہے ہی لیکن اس میچ میں تندولکر کی سنچری اس کو ایک یادگار میچ بنا سکتی تھی۔

سچن کے ہوم گراؤنڈ ممبئی میں کھیلے جا رہے اس ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے آغاز پر سچن تندولکر نے تیسرے دن کے اپنے انفرادی اسکور 67 پر اننگز شروع کی تو انہوں نے انتہائی محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ لیکن آخر کار وہ روی رامپال کی گیند کو کھیلتے ہوئے سیکنڈ سلپ میں ڈیرن سامی کو کیچ دے بیٹھے اور یوں ان کے شائقین کے چہرے ایک مرتبہ پھر مرجھا گئے۔

سچن تندولکر نے اب تک ٹیسٹ میچوں میں 51 جبکہ ایک روزہ میچوں میں اڑتالیس سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ اب ایک مرتبہ پھر انتظار شروع ہو گیا ہے کہ سچن تندولکر کب اور کہاں یہ ریکارڈ بنائیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں