1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سڈنی ٹیسٹ میں مائیکل کلارک کی ٹرپل سنچری

5 جنوری 2012

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن ٹرپل سنچری قائم کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے 329 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

https://p.dw.com/p/13eXJ
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارکتصویر: AP

بھارت اور آسٹریلیا کے مابین جاری چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے 659 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ جب کلارک نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا تو ان کے ساتھ کریز پر موجود مائیکل ہسی نے 150 رنز بنا رکھے تھے۔ بھارت کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 468 رنز کا ہدف ملا۔

بھارت نے تیسرے دن کے اختتام تک دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے ہیں تاہم اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے ابھی بھی 354 رنز درکار ہیں۔ گوتم گھبیر 68 جبکہ سچن تندولکر آٹھ کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن کی نمایاں بات مائیکل کلارک کی ٹرپل سنچری رہی۔ وہ آسٹریلیا کے چوتھے ایسے بلے باز بن گئے ہیں، جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل میتھیو ہیڈن، مارک ٹیلر اور ڈان بریڈ مین نے ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر رکھا تھا۔

مائیکل کلارک 617 منٹ تک کریز پر جمے رہے۔ انہوں نے 468 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے انتالیس چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 329 رنز بنائے۔ سڈنی کے تاریخی میدان میں کسی کھلاڑی نے پہلی مرتبہ تین سو رنز کی انفرادی اننگز کھیلی ہے۔ سڈنی کے میدان پر کھیلے جا رہے 100ویں میچ میں جب کلارک نے تین سو رنز مکمل کیے تو تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں لوگوں نے کھڑے ہو کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

Cricket-Spieler Michael Hussey
مائیکل ہسی نےاپنے کیریئر کی 16ویں سنچری بنائیتصویر: AP

مائیکل کلارک نے ہسی کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 334 رنز بنائے۔ کلارک کی عمدہ بلے بازی کے باعث ہسی کی دلکش بیٹنگ دب سی گئی۔ ہسی نے 253 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سولہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنے کیریئر کی 16ویں سنچری بنائی۔

اس سے قبل کلارک اور سابق کپتان رکی پونٹنگ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 288 رنز بنائے تھے۔ رکی پونٹنگ نے بھی سنچری اسکور کی۔ وہ 134 رنز بنا کر اشانت شرما کی گیند پر تندولکر کو کیچ دے بیٹھے۔ بھارت کی طرف سے ظہیر خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بنائے تھے۔ اب بھارت کو اننگز کی شکست سے بچانے کے لیے بھارتی بلے بازوں کو نہ صرف انتہائی عمدہ بلکہ جارحانہ بلے بازی کرنا ہو گی۔ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں