1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شالیت اور فلسطینی قیدیوں کی واپسی پر جشن

19 اکتوبر 2011

اسرائیلی فوجی گیلات شالت کی واپسی پر اس کے آبائی قصبے میں ہزاروں لوگوں نے اس کا استقبال کیا۔ دوسری جانب غزہ اور ویسٹ بینک میں بھی فلسطینیوں کی رہائی پر جشن کا سماں تھا۔

https://p.dw.com/p/12uxd
تصویر: picture-alliance/dpa

اسرائیلی فوجی سارجنٹ گیلات شالیت ایک ہزار نو سو اکیالیس دنوں کے بعد انتہاپسند فلسطینی تنظیم حماس کے قبضے سے رہائی پانے کے بعد جب لبنانی سرحد کے قریب واقع  اپنے آبائی قصبےمتزپے ہلہ (Mitzpe Hila) پہنچا تو ہزاروں افراد نے اس کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر اس کے والد نوم شالیت کا کہنا تھا کہ یہ ان کے بیٹے کا دوسرا جنم ہے۔ اسرائیلی فوجی کے والد کا یہ بھی کہنا تھا کہ جون سن 2006 سے جس تھکا دینے والے سفر کا آغاز ہوا تھا وہ اب ختم ہوگیا ہے۔

Freilassung Palästinenser Jubel Gaza Stadt Gefangenenaustausch
فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر غزہ میں ہزاروں افراد کا اجتماعتصویر: dapd

اسرائیلی فوجی گیلات شالت کے پاس اپنی دادی کی وجہ سے فرانسیسی شہریت بھی ہے۔ اس کی رہائی کے بعد اسرائیل میں متعین فرانس کے سفیر کرسٹوف بِگو (Christophe Bigot) نے بھی متزپے ہلہ پہنچ کر سارجنٹ شالیت اور اس کے خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی۔ گیلات شالیت سے ملاقات کے دوران فرانسیسی سفیر نے اسے صدر نکولا سارکوزی کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔ سفیر نے اس موقع پر اسرائیلی فوجی کے حوصلے اور ہمت کی داد دیتے ہوئے کہا کہ فرانس شالیت کوکبھی بھول نہیں سکے گا۔

گزشتہ منگل کے روز اسرائیل اور انتہاپسند حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل طے پائی تھی۔ ڈیل کے تحت اسرائیل شالیت کے بدلے اپنی جیلوں سے1027 قیدیوں کو رہا کرے گا۔ ان میں سے477 فلسطینیوں کو شالیت کی رہائی کے ساتھ ہی غزہ اور ویسٹ بینک اور دوسرے منازل کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ ڈیل کے تحت بقیہ 550 فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے اگلے ہفتوں کے دوران رہا کردیا جائے گا۔

منگل کے روز رہائی پانے والے گیارہ فلسطینی قیدی ترکی پہنچا دیےگئے ہیں۔ ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ترکی میں فلسطین کے سفیر نبیل معروف نے ترکی کی جانب سے قیدیوں کو وصول کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ امریکی وزارت خارجہ نے بعض قیدیوں کی رہائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 دوسری جانب کل 296 فلسطینی رہائی کے بعد غزہ پہنچے۔ رہائی پانے والوں میں117 ویسٹ بینک کے علاقے میں داخل ہوئے جبکہ پندرہ افراد رہائی کے بعد مشرقی یروشلم میں اپنے خاندانوں کے پاس پہنچے۔ اسماعیل ہنیہ نے فلسطینیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔

دوسری جانب محمود عباس نے بھی ویسٹ بینک میں ہزاروں افراد کے اجتماع سے قیدیوں کی رہائی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسرائیل کی جیلوں میں مقید دوسرے ہزاروں قیدی بھی جلد رہائی  پائیں گے۔

رپورٹ:  عابد حسین  ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت:  عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں