1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی بحران، ہجرت کرنے والے بچوں کی تعداد دس لاکھ ہو گئی

ارسلان خالد23 اگست 2013

شام میں جاری خونریز خانہ جنگی کے نتیجے میں وہاں سے فرار ہونے والے بچوں کی تعداد دس لاکھ تک پہنچ گئی ہے جب کہ اس شورش زدہ ملک میں داخلی سطح پر بے گھر ہونے والے بچوں کی تعداد بیس لاکھ ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/19V6x
تصویر: picture-alliance/Photoshot

اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسف کے انتھونی لیَک کا کہنا ہے، ’’ یہ دس لاکھ پناہ گزین بچے وہ ہیں، جو جنگ سے خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں سے اور اپنے خاندانوں سے علیٰحدہ ہوئے ہیں اور ہمیں اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق شام میں دو سال سے جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں ہجرت کرنے والے رجسٹرڈ افراد میں سے نصف تعداد بچوں کی ہے۔ زیادہ تر شامی مہاجرین نے لبنان، اردن، ترکی، عراق اور مصر کا رخ کیا ہے اور ان میں سے بیشتر اب شمالی افریقہ اور یورپ منتقل ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق کل شامی مہاجر بچوں میں سے سات لاکھ چالیس ہزار کی عمریں 11 سال سے کم ہیں۔

Syrien Hilfe
شام میں کے اندر بھی قریب بیس لاکھ بچے بے گھر ہو چکے ہیںتصویر: Moritz Wohlrab, Aktion Deutschland hilft

اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے لیے ہائی کمشنر اینٹونیو گیٹریز کا کہنا ہے، ’’ اس وقت ایک پوری نسل کی بقاء داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ شامی نوجوان اپنے گھر، اپنے خاندان اور اپنا مستقبل کھو رہے ہیں۔ اگرچہ انہوں نے جنگ سے بچنے کے لیے سرحد تو پار کر لی ہے لیکن وہ ایک صدمے اور دکھ کی کیفیت میں ہیں۔ ایسے افراد ایک نئی امید کی تلاش میں ہیں۔‘‘

شام میں جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں ملک کے اندر بھی قریب بیس لاکھ بچے بے گھر ہو چکے ہیں جب کہ دو سال سے جاری اس بحران کے نتیجے میں ایک لاکھ لوگ مارے جا چکے ہیں، جن میں سات ہزار نوجوان اور بچے بھی شامل تھے۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ کم عمر بچوں کو چائلڈ لیبر، جنسی استحصال اور اسمگلنگ کے لیے استمعال کیے جانے کا خطرہ ہے کیونکہ اردن، لبنان اور عراق میں موجود 3500 بچے ایسے ہیں، جنہوں نے اپنے گھر والوں کے بغیر اکیلے شام کی سرحد عبور کی ہے۔

اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی ایجنسی نے متعدد ایسے اقدامات کیے ہیں، جن کے تحت شام سے ہجرت کرنے والے ان دس لاکھ بچوں کے ناموں کا اندراج کیا جا سکے۔ انہی اقدامات کے تحت جلا وطنی کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کو پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا تاکہ وہ بے وطن ہونے سے بچ سکیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید