1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صحت کی دنیا سے اہم خبریں

8 دسمبر 2017

کینسر کے خلاف دو ہزار سے زائد ادویات پر ابتدائی تجربات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بچپن میں کینسر سے شفایاب ہونے والے بچوں کو بڑی عمر میں ہائی بلڈ پریشر کا سامنا ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2p2Oj
Symbolbild Bürgerversicherung
تصویر: Colourbox

کینسر کے خلاف دو ہزار سے زائد ادویات تیاری کی دوڑ میں شامل

کینسر کے خلاف نئی مدافعتی تھراپی یا امیونوتھراپی ٹریٹمنٹ کی تلاش کے کام میں تیزی آئی ہے۔ اس وجہ سے رسولیوں کا خاتمہ کرنے والی ادویات کی تیاری کے سلسلے میں تقریبا دو ہزار سے زائد ادویات کے ابتدائی تجربات جاری ہیں۔ یہ ادویات مستعمل ہونے کے بعد مدافعتی نظام کو تقویت دیں گی۔ ماہرین صحت کے مطابق اس صورتحال سے مریضوں کی کلینکل ٹرائلز اور موثر ادویات کی تیاری کی کوششیں دگنی ہو جائیں گی لیکن ساتھ ہی ان میں سے بہت سی ادویات کی تیاری کے منصوبے ناکامی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔

بچپن میں کینسر سے بچ جانے والے بچوں میں بلڈ پریشر کے مسائل

ایک امریکی تحقیقی رپورٹ کے مطابق بچپن میں کینسر سے شفایاب ہونے والا ہر بارہ میں سے ایک بچہ، جوانی کی عمر میں پہنچ کر بلند فشار خون جیسے مرض میں مبتلا ہو جاتا ہے جو عموما وقت پر تشخیص نہیں ہو پاتا۔ رپورٹ کے مطابق بلند فشار خون یا ہائپر ٹینشن میں مبتلا ہونے کی وجہ وہ کیمو تھراپی اور ریڈیشن تھراپی ہے جس کے اثرات کی وجہ سے دل کمزور ہو جاتا ہے۔

مسوڑوں کا انفیکشن اور پیٹ کے کینسر میں تعلق

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق وہ افراد جو مسوڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں ، ان کے نظام ہاضمہ کی نالی میں زخم ہو سکتے ہیں جس کی وجہ سے پیٹ کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ دانتوں کی بیماریوں سے متعلق ہونے والی ایک ریسرچ کے مطابق منہ میں خطرناک انفیکشن، دانتوں پر جمنے والے plaque کی وجہ ہوتے ہیں جو بیکٹیریا بننے کا موجب ہیں۔ تاہم روزانہ باقاعدگی سے floss کیا جائے تو مسوڑوں کی سوزش سے بچنا ممکن ہے۔ اگر منہ کی صفائی کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ مسوڑوں اور دانتوں کو مکمل طور پر نقصان پہنچنے کی وجہ بنتے ہیں۔

انڈونیشا میں خُناق کے خلاف جنگ

انڈونیشیا میں وزارت صحت کی جانب سے اچانک پھوٹ جانے والی خُناق کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے اگلے ہفتے سے مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ملک میں اب تک خُناق سے 32 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ وزارت صحت کے مطابق جنوری سے اب تک کم از کم 591 افراد خُناق سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں 42 فیصد سے زائد ہے۔

کھلے دروازے بہتر نیند کے ضامن

نیدرلینڈ میں ہونے والی ایک اسٹڈی کے مطابق اگر سونے سے پہلے اپنے کمرے کی کھڑکی اور دروازے کھول دیئے جائیں تو سونے والے کو اچھی اور پُرسکون نیند آئے گی۔ اسٹڈی کے مطابق کھلی کھڑکی اور دروازے، کمرے میں کاربن ڈائی اکسائڈ کی سطح کو کم کرتے ہیں، ہوا کی روانی اور آمد ورفت کو بہتر بناتے ہیں جو نیند کو پُرسکون بنانے میں اہم ہے۔