1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صرف ویجیٹیرین ، بھارت میں مک ڈونلڈز کی نئی برانچ آئندہ برس

5 ستمبر 2012

گائے کے گوشت سے بنے ’بِگ میک برگر‘ سے شہرت حاصل کرنے والے امریکی فاسٹ فوڈ ریستوران مَک ڈونلڈز نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس وہ بھارت میں ایک ایسی برانچ کھولے گا، جہاں صرف سبزیوں سے بنے آئٹمز فروخت کیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/163rR
تصویر: AP

ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ مک ڈونلڈز دنیا کے کسی بھی کونے میں ایک ایسی برانچ کھولنے جا رہا ہے، جہاں صرف سبزیوں سے بنے کھانے فروخت کیے جائیں گے۔ 'سب وے' کے بعد دنیا کی سب سے بڑی فاسٹ فوڈ چین مک ڈونلڈز پہلے ہی مقامی سطح پر اپنے کھانوں میں ایک بڑی تبدیلی لا چکا ہے۔

بھارت میں 'ویجیٹیریئن' یعنی سبزیوں سے بنے کھانوں کے لیے ایک خصوصی برانچ کھولنے کا مقصد یہ ہے کہ وہاں کی آبادی کو اپنی طرف مائل کیا جا سکے۔ یہ امر اہم ہے کہ بھارت میں ہندوؤں کی ایک بڑی تعداد گائے کا گوشت نہیں کھاتی جبکہ مسلمان خنزیر کے گوشت کو حرام قرار دیتے ہیں۔

Mc Donalds in Indien
بھارت میں مک ڈونلڈز کی صرف 271 برانچیں ہیںتصویر: picture-alliance/ZB

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ مک ڈونلڈز اپنی ایسی پہلی برانچ شمالی بھارت میں واقع سکھوں کے مقدس شہر امرتسر میں  کھولے گا۔ یہ وہی شہر ہے جہاں کے مذہبی حکام نے گولڈن ٹمپل میں گوشت کا کھانا ممنوع قرار دے رکھا ہے۔ بھارت میں مک ڈونلڈز کے ایک ترجمان راجیش کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ امرتسر میں اس برانچ کے باقاعدہ افتتاح کے بعد بھارتی زیر انتظام کشمیر میں واقع وشنو دیوی مندر کے قریب بھی ایک ایسی ہی برانچ کھولی جائے گی۔ ہندووں کے لیے یہ ایک ایسی مقدس جگہ ہے، جہاں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں زائرین جاتے ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ بھارت میں مک ڈونلڈ میں فروخت کیے جانے والے کھانوں میں اس وقت بھی پچاس فیصد آئٹمز سبزیوں سے بنے ہوتے ہیں۔ راجیش کمار کے بقول 1.2 بلین آبادی والے ملک بھارت میں مک ڈونلڈز کے ریستورانوں کی تعداد کافی کم ہے۔ انہوں نے کہا ، ''بھارت میں ہماری صرف 271 برانچیں ہیں جبکہ دنیا بھر میں ہماری برانچوں کی تعداد کم ازکم 33 ہزار ہے۔

راجیش کمار کے بقول ایسی برانچیں جہاں صرف سبزی کے بنے کھانے فروخت ہوں گے دراصل ایک ایسی حکمت عملی ہے، جس کے تحت ہم بھارتی عوام کی ایک بڑی تعداد کو اپنی طرف مائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ''آئندہ تین برس کے دوران ہم بھارت میں اپنی مجموعی برانچوں کی تعداد دوگنا کرتے ہوئے  پانچ سو تک لے جائیں گے''۔

مک ڈونلڈز سے قبل بھارت میں پیزا فروخت کرنے والے امریکی ادارے 'ڈومینوز پیزا' نے بھی مقامی آبادی کی کھانے کے عادات کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنی ورائٹی میں تبدیلی پیدا کی تھی۔

ab / km (AFP)