1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صوبہ سرحد: عسکریت پسندوں کا صوبائی وزیر پر حملہ

11 جون 2009

صوبہ سرحد کے وزیر جیل خانہ جات میاں نثارگل مسلح افراد کی فائرنگ سے شدیدزخمی ہوگئے ہیں ان کے تین محافظ فائرنگ سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہیں جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

https://p.dw.com/p/I7cX
شمالی مغربی صوبے میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن جاری ہےتصویر: AP

صوبائی وزیر لکی مروت سے پشاور آرہے تھے ان کے زخمی ڈرائیور کے مطابق وہ لکی مروت سے پشاور آرہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی درہ آدم خیل میں روک کر انہیں مارنا شروع کیا جبکہ بعض نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں صوبائی وزیر شدیدزخمی جبکہ ان کے تین محافظ جاں بحق اور ڈرائیور شدیدزخمی ہوگیا ہے۔ ڈرائیور کے مطابق وہ گولیاں لگنے کے باوجود صوبائی وزیر کوپشاورپہنچانے میں کامیاب ہوئے انہیں تین گولیاں لگی ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

صوبہ سرحد کابینہ کے وزراء نے ہسپتا ل پہنچ کر ان کی خیرت دریافت کی اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر بشیراحمد بلور نے کہا کہ یہ وہی دہشت گرد ہیں جو اس ملک اور صوبے کا امن تباہ کرنے میں مصروف ہیں لیکن انہیں ان کے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کی حالت اب خطرے سے با ہر ہے۔

دوسری جانب مالاکنڈ ڈویژن سمیت اورکزئی ایجنسی اوربنوں میں سیکیورٹی فورسز کاآپریشن بھی جاری ہے۔ مالاکنڈ کے تین اضلاع میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کے بعد طالبان کی کارروائیاں صوبہ سرحدکے جنوبی اضلاع میں بڑھ گئی ہیں سیکیورٹی فورسز نے ایف آر بنوں میں شرپسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران پچاس سے زائد شرپسندوں کو ہلاک کر دیا۔ جس سے ہلا ک ہونے والوں کی تعداد ڈیڑھ سو ہوگئی ہے۔ فوج نے ہنگو کے زرگری اورشاہو خیل کے ایک اور مدرسے پر بمباری کی ہے جس میں پانچ خواتین سمیت تیرہ افراد ہلاک ہوئے بمباری سے ہنگو کے کئی اہم دینی رہنماؤں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

علی الصبح کی گئی اس بمباری میں ہنگو کے شاہو خیل میں ایک اور مدرسے کو بھی نشانہ بنایا ہے جس میں مدرسے کے سربراہ محمد امین اپنے بھتیجے سمیت ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق اورکزئی ایجنسی، ہنگو اور بنوں کے متعدد مدارس میں طالبان کی موجودگی پر فوج نے کارروائی تیز کردی ہے۔ عسکریت پسندوں کے خلاف جنوبی وزیرستان، اورکزئی، ہنگو اور بنوں میں کارروائیوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر لوگ علاقہ خالی کررہے ہیں۔ جنوبی وزیرستان سے ہزاروں خاندانوں نے متوقع آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کی ہے جہاں اب سیکیورٹی فورسز عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کررہے ہیں۔ عسکریت پسندوں نے جنڈولہ اور جنوبی وزیرستان کے سپلانوئی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پرراکٹوں سے حملہ کیا ہے۔ جس کے نتیجے میں پانچ سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں دو عسکریت پسندمارے گئے۔

رپورٹ : فرید اللہ خان

ادارت : عاطف توقیر